رسائی کے لنکس

ریچھنی اوراس کے تین بچے شہر کے وسط میں درخت پر ہی سو گئے


ریچھنی اپنے تین بچوں سمیت ریاست ورجینیا کے شہر چیساپک کے ایک درخت پر سو رہی ہے۔ فوٹو اے پی
ریچھنی اپنے تین بچوں سمیت ریاست ورجینیا کے شہر چیساپک کے ایک درخت پر سو رہی ہے۔ فوٹو اے پی

امریکہ کے ایک شہر چیساپک میں اُس وقت ایک دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا جب ایک ریچھنی اپنے تین بچوں کے ساتھ شہر کے وسط میں استادہ ایک درخت پر چڑھ کر سو گئی اور لوگ دم سادھے بیٹھے رہے کہ کہیں ان کی نیند میں خلل نہ پڑے۔

کئی گھنٹے تک آرام کرنے کے بعد ریچھنی اور اس کے بچے درخت سے اترے اور خالی سڑک پر ٹہلتے ہوئے قریبی جنگل میں چلے گئے۔

چیساپک کے جانوروں سے متعلق ادارے نے اپنے فیس بک پیچ پر بتایا ہے کہ یہ واقعہ پیرکی نصف شب اس وقت پیش آیا جب ایک ریچھنی اپنے تین بچوں کو لے کر شہر میں داخل ہوئی اور ایک رہائشی علاقے بروئن ڈرائیو پر ٹہلنے لگی۔

کچھ دیر کے بعد وہ سڑک کے ساتھ ایک درخت پر چڑھ گئی۔ بچوں نے بھی اپنی ماں کی تقلید کی اور وہ مختلف شاخوں پر چڑھ کر بیٹھ گئے۔ اسی دوران انہیں نیند آ گئی اور وہ سو گئے۔

ریچھ کا بچہ درخت کی شاخ سے لپٹ کر سو رہا ہے۔ فوٹو اے پی
ریچھ کا بچہ درخت کی شاخ سے لپٹ کر سو رہا ہے۔ فوٹو اے پی

جب حکام کو خبر ہوئی تو وہ موقع پر پہنچے۔ تاہم ریچھنی اور اس کے بچے گہری نیند سو رہے تھے۔ حکام نے سڑک کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا اور علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں اور کسی طرح کا شور نہ کریں، تاکہ جنگل سے آنے والے مہمانوں کی نیند میں خلل نہ پڑے اور انہیں آرام کرنے کے لیے مناسب وقت مل جائے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ریچھنی اور اس کے بچوں کی خبر رات کے دو بجے ملی اور کسی بھی ناگہانی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس اہل کار فوراً ہی موقع پر پہنچ گئے۔

چیساپک کے جانوروں سے متعلق ادارے نے اس سلسلے میں فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب ریچھنی اپنے بچوں کے ساتھ ہو تو اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ کس لمحے وہ کیا کر گزرے۔ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بہت حساس ہوتی ہے اور معمولی سے خدشے پر بھی حملہ کر دیتی ہے۔

ریچھنی اور اس کے تینوں بچے درخت کی مختلف شاخوں سے لپٹ کر سو رہے ہیں۔ فوٹو اے پی
ریچھنی اور اس کے تینوں بچے درخت کی مختلف شاخوں سے لپٹ کر سو رہے ہیں۔ فوٹو اے پی

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اپنے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ لوگ اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں اور درخت کے ساتھ واقع سڑک پر ہرگز نہ جائیں تاکہ ریچھنی اور اس کے بچوں کو پرسکون ماحول مل سکے۔

ورجینیا کے محکمہ جنگلی حیات کے سربراہ گیری انیڈرسن نے بتایا کہ ریچھ درختوں پر باآسانی چڑھ اور اتر سکتے ہیں۔ اور اگر انہیں تنگ نہ کیا جائے یا انہیں خطرہ محسوس نہ ہو تو عموماً نقصان نہیں پہنچاتے۔

امریکہ میں بڑی تعداد میں نیشنل پارک اور قدرتی جنگل موجود ہیں جن میں ریچھوں سمیت مختلف اقسام کی جنگی حیات پائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG