رسائی کے لنکس

سانپ نے راج کمار کو اور اس نے سانپ کو کاٹا، حساب برابر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے ایک شخص کو جب ایک سانپ نے ڈسا تو خوف سے بجائے زرد پڑنے ککی بجائے اسے اتنا غصہ آیا کہ اس نے سانپ کا پیچھا کر کے نہ صرف اسے پکڑ لیا بلکہ اسے منہ میں ڈال کر دانتوں سے چبا ڈالا۔

اگر سانپ کے چار ٹکڑے نہ ہوئے ہوتے اور اسے بھاگ نکلنے کا موقع مل جاتا، تو اپنی آل اولاد کو یہ نصحیت کر کے مرتا کہ کبھی بھولے سے آدمی کو نہ ڈسنا، اب وہ بھی ہماری طرح کاٹنے لگا ہے۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں اتااسرولی میں اتوار کی چھٹی منانے یا غم دنیا سے دو گھڑی چھٹکارہ پانے کے لیے راج کمار شراب پی رہا تھا کہ کہیں سے گھر میں ایک سانپ گھس آیا۔

خبررساں ادارے رائٹرز کو راج کمار کے والد بابو رام نے بتایا کہ سانپ نے راج کمار کو کاٹ لیا۔ جس پر اسے غصہ آ گیا۔ اس نے سانپ کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا اور اسے پکڑ کر دانتوں میں چبا کر ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا۔

بابو رام نے کہا کہ راج کمار اس وقت شراب کے نشے میں تھا۔

راج کمار نے سانپ کو تو اس کے انجام تک پہنچا دیا، مگر خود بھی اس کے زہر کے اثر سے محفوظ نہ رہ سکا۔ جب نشہ اترنے اور زہر کا رنگ چڑھنا شروع ہوا تو گھر والوں کو راج کمار کی جان کی فکر ہوئی اور وہ اسے فوراً ایک قریبی اسپتال میں لے گئے۔

راج کمار کا علاج کرنے والے ڈاکٹر این پی سنگھ نے بتایا کہ میں نے سانپ کاٹے کے کئی مریض دیکھے اور ان کا علاج بھی کیا ہے۔ لیکن ایسا مریض دیکھنے کا یہ پہلا موقع تھا جو اپنے ساتھ ایک پوٹلی میں سانپ کے ٹکڑے بھی لایا۔ اس نے بتایا کہ اس سانپ کو میں نے کاٹا ہے۔ میں یہ سمجھا کہ وہ کہہ رہا ہے کہ سانپ نے اسے کاٹا ہے۔ لیکن وہ ٹھیک کہہ رہا تھا۔ اس نے سانپ کو اپنے دانتوں سے اس بری طرح کاٹا کہ اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے تھے۔

ڈاکٹر سنگھ نے بتایا، راج کمار کی حالت کافی تشویش ناک تھی۔ میں نے اسے بڑے اسپتال بھیج دیا ہے۔

بھارتی نیوز چینل زی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتااسرولی کے راج کمار نے سانپ سے تو اپنا بدلہ لے لیا، لیکن جب اسے اسپتال پہنچایا گیا تو اس کی حالت کافی بگڑ چکی تھی، کیونکہ اس کے جسم میں زہر پھیل گیا تھا۔

بھارت میں زندہ سانپ کو چبانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سال مئی میں ریاست گجرات کے ایک 60 سالہ شخص کو جب سانپ نے ڈسا تو اس نے بھی جھپٹ کر سانپ کو پکڑا اور دانتوں سے چبا ڈالا۔ ایک دوسرے کو کاٹنے کی اس لڑائی میں کسی کی بھی جیت نہیں ہوئی۔ کیونکہ دونوں ہی ایک دوسرے کے کاٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

اس تازہ واقعہ میں راج کمار کے گھر والے اور ڈاکٹر اس کی زندگی کے بارے میں فکرمند ہیں۔

XS
SM
MD
LG