بھارت میں ایک شخص پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بھارتی شہری ہے اور اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اتوار کو نئی دہلی میں ایک 25 سالہ شخص کو جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ زیادتی کا واقعہ اس سے ایک روز قبل امریکی سفارت خانے میں ملازمین کے رہائشی کوارٹرز میں پیش آیا تھا۔
دہلی پولیس کے ایک افسر یوگیش کمار نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ ابتدائی میڈیکل ٹیسٹس میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔ گرفتار ملزم پر بچوں سے زیادتی کی دفعہ کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے جس کی سزا موت ہے۔
خیال رہے کہ دہلی میں امریکی سفارت خانہ ایک انتہائی محفوظ جگہ پر واقع ہے جہاں سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے جمعے کو کہا ہے کہ اس مبینہ واقعے پر وہ سخت پریشان ہیں اور سفارت خانے نے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس کو فوری رپورٹ کیا گیا اور متاثرہ بچی کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "ہم بھارتی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ہم متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔"
خیال رہے کہ بھارت میں جنسی زیادتی کے واقعات رُونما ہوتے رہتے ہیں۔ ان واقعات پر بھارت کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں سال 2018 کے دوران خواتین سے جنسی زیادتی کے لگ بھگ 34 ہزار واقعات ہوئے تھے۔ لیکن سماجی کارکنوں کہتے ہیں کہ یہ تعداد اصل کے مقابلے میں بہت کم ہے۔