رسائی کے لنکس

مانچسٹر سٹی کی کامیابیوں کا سفر جاری، چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا


میچ کا پہلا اور واحد گول مانچسٹر سٹی کی جانب سے اسپینش کھلاڑی روڈری نے 68 منٹ میں اس وقت اسکور کیا جب انٹر میلان کے دفاعی کھلاڑی بوکھلاہٹ کا شکار تھے۔
میچ کا پہلا اور واحد گول مانچسٹر سٹی کی جانب سے اسپینش کھلاڑی روڈری نے 68 منٹ میں اس وقت اسکور کیا جب انٹر میلان کے دفاعی کھلاڑی بوکھلاہٹ کا شکار تھے۔

انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی کے لیے یہ سیزن انتہائی شاندار رہا اور اس نے آخر کار یورپیئن چیمپئنز لیگ کاتاج بھی حاصل کر لیا ہے۔ ترکیہ کے شہر استنبول کے اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں مینیجر پیپ گورڈیولا کی ٹیم نے اطالوی کلب انٹر میلان کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یورپی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

مانچسٹر سٹی نے 2023 کے سیزن سے قبل صرف ایک مرتبہ ایونٹ کا فائنل کھیلا تھا، وہ بھی 2021 میں چیلسی کے خلاف، جس میں اسے ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن دو برس بعد ہی انہوں نے دوسرا فائنل جیت کر خود کو یورپ کی بہترین ٹیم ثابت کیا ہے۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی ٹریبل کا کارنامہ انجام دینے والی دوسری انگلش ٹیم بھی بن گئی ہے یعنی اس نے ایک ہی سیزن کے دوران اپنی لیگ کے تین بڑے ٹورنامنٹ انگلش پریمئر لیگ، ایف اے کپ اور چیمپئنز لیگ کےٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں۔

اس سے قبل 1998 اور 1999 کے سیزن کے دوران مانچسٹر یونائیٹڈ بیک وقت ان تینوں ایونٹس کی فاتح بنی تھی۔

فائنل میں شکست کھانے والی انٹرمیلان نے 2009، 2010 کے سیزن میں اٹالین لیگ کے تینوں بڑے ٹائٹل جیتے تھے۔

مینیجر پیپ گورڈیولا اس فتح کے ساتھ دو مختلف کلبوں کے ساتھ ٹریبل کا کارنامہ اپنے نام کرنے والے پہلے مینیجر بن گئے۔

اس سے قبل 2008 اور 2009 کے سیزن میں جب اسپینش کلب بارسلونا نے تینوں اہم ٹائٹل جیتے تھے، تب ان کے مینیجر بھی پیپ گورڈیولا ہی تھے۔

استنبول کے اتاترک اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میں مانچسٹر سٹی نے حریف انٹرمیلان کو پہلے ہاف میں پریشر میں رکھا۔ جب 45 منٹ کے بعد پہلا وقفہ آیا تو گول تو کسی ٹیم نے اسکور نہیں کیا تھا لیکن میچ پر گرفت انگلش کلب کی مضبوط تھی۔

تاہم دوسرے ہاف میں بیلجیئم کے رومیلو لوکاکو کی انٹری کے بعد انٹرمیلان کی فارورڈ لائن میں جان آگئی تھی لیکن بدقسمت ٹیم نے کئی یقینی مواقع ضائع کیے۔

میچ کا واحد گول مانچسٹر سٹی کی جانب سے اسپینش کھلاڑی روڈری نے 68 منٹ میں اس وقت اسکور کیا جب انٹر میلان کے دفاعی کھلاڑی بوکھلاہٹ کا شکار تھے۔

ایک طرف انگلش کلب کے کھلاڑی ریفری کی توجہ مبینہ ہینڈ بال کی جانب دلا رہے تھے تو دوسری جانب جیسے روڈری حریف کھلاڑیوں کے توجہ بٹنے کے انتظار میں تھے۔

ان کی شاندار کک نے بال کو جال میں پھینک کر مانچسٹر سٹی کو وہ برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔

ایک گول کے خسارے میں جانے کے دو منٹ کے اندر اندر انٹرمیلان کے کھلاڑیوں نے ایک زبردست کوشش کی جو ضائع ہوئی۔

پہلے تو مانچسٹر سٹی کے گول کیپر ایڈیرسن نے ڈی مارکو کے ایک ہیڈر کو گول میں جانے سے روکا تو ری باؤنڈ پر ڈی مارکو کا دوسرا ہیڈر لوکاکو کے پیر سے لگ کر گول میں نہ جاسکا۔

تین منٹ بعد لوکاکو نے ایک اور قابلِ تعریف کوشش کی۔ جسے گول کیپر ایڈرسن نے ناکام بناکر ٹیم کی برتری کو برقرار رکھا۔

مقررہ وقت ختم ہونے سے دو منٹ پہلے انٹرمیلان کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی آخری کوشش کی لیکن اس بار بھی پہلے ایڈرسن اور پھر تیار دفاعی کھلاڑی نے ان کا حملہ ناکام بنادیا۔

یورپیئن چیمپئنز لیگ جس کا پرانا نام یورپیئن کپ تھا، اس کا ٹائٹل جیت کر مانچسٹر سٹی نے ایسٹن ولا، چیلسی، لیورپول، مانچسٹر یونائیٹڈ اور ناٹنگھم فاریسٹ جیسے انگلش کلبوں کی فہرست میں جگہ بنالی ہے جو یہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

یہ مینیجر پیپ گورڈیولا کی بطور مانچسٹر سٹی باس مجموعی طور پر 300ویں کامیابی تھی۔

اس میچ سے قبل وہ تمام ایونٹس میں اپنی ٹیم کو 299 میچز میں کامیابی سے ہم کنار کرا چکے تھے۔

اس کامیابی نے پیپ گورڈیولا کو تین بار چیمپئنز لیگ جیتنے والا تیسرا مینجر بنادیا۔

ان کی نگرانی میں 2009 اور 2011 میں بارسلونا نے یورپ کی سب سے بڑی ٹرافی جیتی اور ہفتے کو مانچسٹر سٹی اس کی فاتح قرار پائی۔

ان سے قبل انگلینڈ کے باب پیزلی اور فرانس کے زیڈان تین، تین بار بالترتیب لیورپول اور ریال میڈریڈ کو یورپی چیمپئن بنوا چکے ہیں۔

اٹلی کے کارلو اینچلوٹی آج بھی 2003 سے 2022 کے درمیان میلان اور ریال میڈرڈ کے ساتھ چار بار چیمپئنز لیگ ٹرافی جیت کر سب سے کامیاب مینیجر ہیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG