رسائی کے لنکس

میکسویل کا آئی پی ایل سے غیر معینہ مدت تک بریک لینے کا فیصلہ


  • میکسویل کو اٹیکنگ کرکٹ اور غیر روایتی شارٹس کھیلنے کی وجہ سے 'بگ شو' اور 'میڈ میکس' کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔
  • میکسویل کے مطابق یہ مناسب وقت ہے کہ ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو موقع دیا جائے۔
  • میسکویل پہلے کرکٹر ہیں جن کے حوالے سے باقاعدہ تسلیم کیا گیا کہ وہ ذہنی مسائل سے دو چار ہیں۔

آسٹریلوی اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے غیر معینہ مدت تک بریک لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میکسویل کو اٹیکنگ کرکٹ اور غیر روایتی شارٹس کھیلنے کی وجہ سے 'بگ شو' اور 'میڈ میکس' کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔ لیکن وہ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں بالکل ناکام رہے ہیں۔

میکسویل آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے چھ میچز میں صرف 32 رنز بنائے ہیں۔

گزشتہ روز آر سی بی نے سن رائزز حیدرآباد کے خلاف ایونٹ کا اپنا ساتواں میچ کھیلا اور اسے 25 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ گو کہ میکسویل نے یہ میچ نہیں کھیلا تھا۔ لیکن ان کی ٹیم کے خلاف آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنانا۔

سن رائزز حیدرآباد نے آر سی بی کے خلاف تین وکٹوں پر 287 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں میسکویل کی ٹیم 262 رنز بنا سکی تھی۔ ایونٹ میں آر سی بی کی سات میچز میں سے یہ چھٹی شکست تھی۔ دس ٹیموں کے ایونٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر آر سی بی سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔

میکسویل کے مطابق پیر کو کھیلے گئے میچ سے قبل وہ اپنے کپتان فاف ڈپلوسی اور کوچز کے پاس گئے اور انہیں بتایا کہ یہ مناسب وقت ہے کہ ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو موقع دیا جائے۔

آسٹریلوی کرکٹر کے مطابق وہ اپنے ذہنی و جسمانی صحت کے پیشِ نظر آئی پی ایل سے کچھ وقفہ لینا چاہتے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کو ان کی ضرورت پیش آئی تو وہ ایک مضبوط اعصاب کے ساتھ واپس آئیں گے۔

میکسویل پرامید ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں اب بھی اپنا اثر رکھتے ہیں۔

ان کے بقول انہیں پرفارمنس دے کر بہت فخر محسوس ہوتا ہے جس کے لیے وہ بہت محنت کرتے ہیں اور ہر میچ کے لیے اپنے جسم کو تیار کرتے ہیں۔

میکسویل نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ جسمانی اور ذہنی مشقت نے انہیں کچھ تھکا دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میسکویل پہلے کرکٹر ہیں جن کے حوالے سے باقاعدہ طور پر تسلیم کیا گیا کہ وہ ذہنی مسائل سے دوچار ہیں۔ اسی وجہ سے انہیں 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے کچھ وقفہ لینا پڑا تھا۔

رواں برس جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میکسویل آسٹریلیا کے لیے اہم کھلاڑی ہوں گے اور ان کے آئی پی ایل سے وقفہ لینے کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

میکسویل نے اپنی صحت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ماضی میں بھی اس صورتِ حال کا سامنا رہ چکا ہے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG