ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے سعودی فٹ بال کلب کی پرکشش آفر ٹھکرا کر امریکی کلب انٹر میامی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
میسی نے حال ہی میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے راہیں جدا کی تھیں۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے اس کلب کی جانب سے اپنا آخری میچ کھیلا تھا۔
پی ایس جی کو خیرباد کہنے کے بعد سب کی نظریں میسی پر تھیں کہ وہ اب کس کلب کا حصہ بنیں گے۔
اسپینش کلب بارسلونا میسی سے مسلسل رابطے میں تھا جب کہ سعودی کلب 'الہلال' نے بھی انہیں شمولیت کے لیے ایک پرکشش آفر کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی کلب نے میسی کو 40 کروڑ یورو کی آفر کی تھی تاہم اسٹار فٹ بالر نے بارسلونا میں واپس جانے یا سعودی عرب کے نئے کلب میں شامل ہونے پر امریکی کلب کو ترجیح دی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق میسی نے بدھ کو ہسپانوی اخبار کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ امریکی فٹ بال کلب انٹر میامی میں شمولیت کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
میامی کلب سے ڈیل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک سو فی صد کسی نتیجے پر نہیں پہنچے اور کچھ امورابھی باقی ہیں لیکن ہم فیصلہ کر چکے ہیں کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے۔
میسی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انہیں یورپ چھوڑنا ہے اور اپنی فیملی کا زیادہ دھیان رکھنا ہے۔
میسی کی قیادت میں گزشتہ برس ارجنٹائن نے قطر میں ہونے والی فٹ بال کے عالمی مقابلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ میسی اپنے کریئر میں ریکارڈ سات مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔
میسی نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے اور بارسلونا کلب میں واپس شامل نہ ہونے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ میں نئے تجربات کے ساتھ ہر گزرتے دن کو انجوائے کیا جائے۔
نئے کلب میں نئی ذمے داریوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چاہیں گے کہ ٹیم کو کامیابی دلوائیں لیکن ایک کھلے ذہن کے ساتھ۔
میسی کا امریکہ کے مقامی کلب میں شامل ہونا کلب کے لیے ایک بڑی بات ہے لیکن دونوں پارٹیز کے درمیان حتمی معاہدہ ہونا ابھی باقی ہے۔
میسی کے انٹر میامی کلب میں شامل ہونے پر امریکی لیگ (ایم ایل ایس) نے ایک ٹوئٹ میں ایموجی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گوٹ آرہا ہے۔ گوٹ سے مراد ہے’گریٹیسٹ آف آل ٹائم۔‘
لیگ نے مزید لکھا کہ دنیا بھر میں میامی کلب کے لاکھوں مداح آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔