رسائی کے لنکس

'ٹیم کے سینئر کھلاڑی فِٹ اور ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں'


پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی فِٹ اور ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں۔ وہ آئندہ دو روز میں سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا سے سیریز ہارنے پر اُنہیں بہت دکھ ہے لیکن اِس سیریز میں اُنہیں اور کھلاڑیوں کو سیکھنے کو ملا۔ اِسی دورے میں پانچ سنچریاں بنیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا تاکہ وہ اپنا ٹیلنٹ دکھا سکیں۔

"ورلڈ کپ سے قبل گیارہ میچز ملیں گے، اِسی دوران حتمی کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔ تمام کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اُترنا ہو گا، فٹنس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، وہ ہمیشہ پہلی ترجیح ہے۔"

مکی آرتھر نے کہا کہ اِس پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کریں خاص طور پر بعد میں آنے والے بلے باز, تا کہ ہدف کو حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ ہیڈ کوچ نے بتایا کہ رواں ماہ 16 اپریل کو ورلڈ کپ کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جبکہ 23 اپریل کو پاکستانی ٹیم روانہ ہو گی۔

"کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 14 اور 15 اپریل کو ہو گا۔ میں اور انضمام بہت کام کر رہے ہیں۔ بہت سے کھلاڑیوں پر ہماری مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے میں اور انضمام کافی حد تک کلئیر ہیں کہ کن کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے۔"

مکی آرتھر نے کہا کہ گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد سے اُنہوں نے دو سال ورلڈ کپ کو سامنے رکھ کر پاکستانی اسکواڈ کو مختلف فارمیٹس اور کنڈیشنز میں کھلایا اور یہی اُن کا بنیادی مقصد تھا۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو حال ہی میں آسٹریلیا نے ایک روزہ میچوں میں پانچ صفر سے ہرایا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اِس سے قبل جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی سیریز ہار چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG