رسائی کے لنکس

مائیکرو سافٹ چیمپئن شپ، پاکستانی نوجوان کی تیسری پوزیشن


ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ مائیکروسافٹ کے کسی عالمی مقابلے میں کوئی واحد پاکستانی طالبعلم شریک ہوا ہو اور عالمی چیمپئن شپ میں کامیابی حالی کی ہو۔ مائیکروسافٹ کی عالمی چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن تھائی لینڈ اور دوسری پوزیشن امریکہ کے نوجوان طالبعلم کے نام رہی

حال ہی میں پاکستانی نوجوان نے عالمی سطح پر ہونے والے مائیکروسافٹ کے ایک تعلیمی مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے، دنیا بھر میں پاکستان کا نام ایک بار پھر فخر سے بلند کردیا ہے۔

پاکستانی نوجوان وقاص نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بین القوامی ادارے مائیکروسافٹ کے تحت ہونے والی عالمی چیمپئن شپ 2015 میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ عالمی چیمپئں شپ 2015 کا یہ مقابلہ گزشتہ ہفتے امریکہ کے شہر ٹیکساس میں منعقد کیا گیا۔

مائیکروسافٹ آفس اسپیشلسٹ عالمی چیمپئن شپ 2015 کے ایم ایس آفس کے ایم ایس پاور پوائنٹ کے ایک امتحانی مقابلے میں پاکستانی نوجوان وقاص نے تیسری پوزیشن ملنے پر نہ صرف کانسی کا تمغہ حاصل کیا، بلکہ 1500 ڈالر کی نقد رقم اور ایک ٹیبلٹ بھی انعام میں دیا گیا ہے۔

پاکستانی نوجوان وقاص علی اس عالمی چیمپئن شپ میں حصہ لینےوالے واحد پاکستانی امیدوار طالبعلم ہیں، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مائیکروسافٹ کے کسی عالمی مقابلے میں کوئی واحد پاکستانی طالبعلم شریک ہوا ہو اور عالمی چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی ہو۔

مائیکروسافٹ کی اس عالمی چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن تھائی لینڈ ، دوسری پوزیشن امریکہ کے نوجوان اور پاکستانی نوجوان کی تیسری پوزیشن رہی۔

مائیکروسافٹ چیمپئن شپ 2015 کے اس مقابلے میں ایم ایس آفس کے دیگر ایم ایس ایکسل ایم ایس ورڈ اور پاور پوائنٹ کے مختلف مقابلے کرائےگئے۔ اس میں پاکستانی نوجوان سمیت دنیا بھر کے 127 ممالک سے 145 نوجوان شریک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کرنے والےاس ذہین طالب علم وقاص علی کا تعلق صوبہ سندھ کے اندرون شہر گھوٹکی سے ہے۔

اس سے قبل ماضی میں مائیکروسافٹ کے کئی مقابلوں میں کئی کم عمر پاکستانی نوجوانوں کی بہترین کاکردگی اور اعزاز سامنے آچکے ہیں جس میں پاکستانی نوجوان طالبہ ارفع کریم کا نام سرفہرست ہے۔

اس مقابلے کیلئے ہر سال دنیا بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے ذہین طلبہ و طالبات امیدواروں کا چناؤ کیا جاتا ہے جو امتحانی مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کے مقابلوں میں مائیکروسافٹ آفس پراڈکٹ کے مختلف پروگراموں سے متعلق امتحانات منعقد کرائےجاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG