رسائی کے لنکس

جنگ کے باعث لبنان میں چار لاکھ بچے بے گھر ہو چکے ہیں: اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے (یونیسیف) نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کی وجہ سے بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں اور بہت سے اسکولز کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

10:22 15.10.2024

اسرائیلی فوج کے مشرقی لبنان پر فضائی حملے

اسرائیل کی فوج نے مشرقی لبنان پر فضائی حملے کرکے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیل کے حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو ایک دن قبل پیر کو اعلان کیا تھا کہ حزب اللہ پر کسی بھی قسم کا رحم نہیں کیا جائے گا۔

حزب اللہ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیل کے اندر فوج کے ایلیٹ یونٹ گولانی بریگیڈ پر دو حملے کیے تھے۔ ان حملوں میں چار اہلکار ہلاک جب کہ 67 زخمی ہوئے تھے۔

لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے ’نیشنل نیوز ایجنسی‘ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے منگل کی صبح وادیٴ بیکا میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کی زد میں آنے والے بعلبیک شہر کے ایک اسپتال کی سروسز معطل ہو گئی ہیں۔

حزب اللہ نے منگل کو ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی جنگجوؤں کی اسرائیل کی فوج کے ساتھ سرحد پر جھڑپیں ہوئی ہیں۔

حزب اللہ کے مطابق اسرائیلی فوج کے اہلکار سرحد عبور کرکے لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

اسرائیلی فوج نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے جھڑپوں میں کئی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

09:35 15.10.2024

ایرانی وزیرِ خارجہ کی یمن کے حوثی باغیوں کے رہنما سے ملاقات

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں یمن کے حوثی باغیوں کے سینئر رہنما سے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات کے حوالے سے ایران کے دفتر خارجہ نے بیان اور تصویر بھی جاری کی ہے۔

اسرائیل کے ایران پر ممکنہ حملے کی دھمکیوں کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ مشاورت کے لیے مشرقِ وسطیٰ کی بڑی طاقتوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دوران وہ اپنے اتحادیوں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

ایران کے وزیرِ خارجہ نے عمان کے وزیرِ خارجہ سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس سے قبل وہ عراق کے دارالحکومت بغداد گئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب اور قطر کا بھی دورہ کیا تھا۔

09:33 15.10.2024

حسن نصراللہ کے ساتھ مارے گئے ایرانی جنرل کی آخری رسومات کی ادائیگی

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے ہمراہ مارے گئے ایرانی جنرل عباس نیلفروشان کی نمازِ جنازہ عراق کے شہر کربلا میں پیر کو ادا کی گئی ہے۔

جنرل عباس نیلفروشان ایران کی پاسدارانِ کی اعلیٰ فروس ’القدس فورس‘ کے سربراہ تھے اور وہ گزشتہ ماہ بیروت پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

پاسدارانِ انقلاب نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ عباس نیلفروشان کی لاش مل گئی ہے جسے بعدازاں لبنان سے عراق کے دارالحکومت بغداد منتقل کی گئی۔

بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ان کی لاش ایمبولینس کے ذریعےعراقی شہر کربلا لائی گئی۔ جہاں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

ان کی آخری رسومات میں شرکا کی بڑی تعداد نے ایران، لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ، عراق کی عسکری تنظیم کتائب حزب اللہ کے پرچم تھامے ہوئے تھے۔

منگل کو جنرل عباس نیلفروشان کی لاش ایران کے شہر مشہد منتقل کی جائے گی۔ مشہد میں ان کی تدفین سے قبل ایرانی دارالحکومت تہران میں بھی کی نمازِ جنازہ ہو گی۔

09:29 15.10.2024

نیو یارک میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاج، 200 مظاہرین گرفتار

امریکہ کے معاشی حب نیو یارک کی پولیس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خلاف لگ بھگ 200 مظاہرین نے نیویارک کے اسٹاک ایکسچینج کے باہر احتجاج کیا۔

مین ہٹن کی ایک اہم عمارت اسٹاک ایکسچینج کے سامنے احتجاج کے دوران مظاہرین جنگ بندی اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔مظاہرین میں سے کسی نے بھی عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہیں کی۔

اس موقع پر اسرائیل کے حق میں بھی ایک چھوٹا سا مظاہرہ ہوا جس میں شریک افراد نے اسرائیلی پرچم تھامے ہوئے تھے۔

فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کے شرکا اس وقت تک اسٹاک ایکسچینج کے باہر موجود تھے جب تک انہیں حراست میں نہیں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق اس نے 200 مظاہرین کو حراست میں لیا ہے۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان گرفتار افراد پر کیا الزامات لگائے گئے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG