پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، آل راؤنڈر اور پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
محمد حفیظ نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حفیظ نے کہا کہ انہوں نے 18 سال قبل ایک خوب صورت سفر کا آغاز کیا تھا اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کے مشکور ہیں۔
محمد حیفظ نے کہا کہ وہ اپنے تمام مداحوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ سال 2018 میں پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے تھے اور اب انہوں نے وائٹ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد حفیظ نے مجموعی طور پر 392 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ہزار 780 رنز اسکور کیے اور 253 وکٹیں لیں۔ انہوں نے 32 میچز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بھی کی۔
اکتالیس سالہ محمد حفیظ نے سال 2003 میں زمبابوے کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور 18 سال کے عرصے میں انہوں نے 55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین ہزار 625 رنز اسکور کیے اور 53 وکٹیں لیں۔ ان کے ٹیسٹ کریئر میں 10 سینچریاں اور 12 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
انہوں نے 218 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 ہزار 614 رنز اسکور کیے جس میں 11 سینچریاں اور 38 نصف سینچریاں شامل ہیں۔
حفیظ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی آف اسپن بالنگ سے 218 میچز میں 139 کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔
محمد حفیظ نے پاکستان کی طرف سے 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے جس میں انہوں نے دو ہزار 514 رنز بنائے۔ پاکستانی کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی میں 14 نصف سینچریاں بھی اسکور کی اور وہ اپنے کریئر میں 61 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستانی آل راؤنڈر نے آخری مرتبہ نومبر 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
اس کے علاوہ انہوں نے سال 2007، 2011 اور 2019 کے پچاس اوور ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ وہ 2007، 2010، 2012، 2014، 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے۔
انہوں نے پاکستان کی طرف سے سال 2006، 2013 اور 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلی۔
'حفیظ نے کریئر بنانے کے لیے انتھک محنت کی'
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آل راؤنڈر کی ریٹائرمنٹ پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ محمد حفیظ نے بھرپور انداز میں کرکٹ کھیلی۔
ان کے بقول محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک طویل کریئر بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں ان کی شاندار شراکت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
'پروفیسر شائقین پی ایس ایل اور دیگر لیگز میں محظوظ کریں گے'
ادھر محمد حفیظ کے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے اعلان کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ کرنے لگا اور شائقین کرکٹ محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اسپورٹس جرنلسٹ اور تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ کرکٹ کی فیلڈ مین ایک جینٹل مین اور عاجز انسان محمد حفیظ کا کریئر اپنے اختتام کو پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ محمد حفیظ نے سرگودھا سے اپنے سفر کا آغاز ایک ٹیپ بال کرکٹر کے طور پر کیا۔
صحافی وجاہت کاظمی کا کہنا تھا کہ بلاشبہ محمد حفیظ پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک تھے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پروفیسر پاکستان سپر لیگ اور دیگر لیگز میں ہمیں محظوظ کرتے رہیں گے۔
زین زاہد نامی صارف نے ٹوئٹ کیا کہ محمد حفیظ پاکستان کے لیے اپنی خدمات دینے کا شکریہ، آپ نے پاکستان کے لیے بہت کچھ کیا۔ آپ ہمیشہ یاد رہیں گے۔
عروج جاوید نامی ایک صارف نے محمد حفیظ کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ، آپ کی خدمات کبھی نہیں بھول سکتے۔