رسائی کے لنکس

عراق: شادی کی تقریب میں آتش زدگی سے 100 سے زائد افراد ہلاک، 150 زخمی


عراق کے صوبے نینویٰ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران آتش زدگی کے نتیجے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور 150 زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ڈسٹرکٹ ہمدانیہ کے ایک شادی ہال میں منگل کی شب شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی سے اچانک ہال میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ہال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آتش زدگی کے بعد بھگ دڑ مچ گئی اور مہمانوں نے ادھر ادھر بھاگنا شروع کر دیا تاہم آگ اتنی خوف ناک تھی کہ اس نے ہال میں موجود ہر چیز کو جلا کر خاک کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 45 منٹ پر لگی اور اس وقت تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں مہمان موجود تھے۔

صوبہ نینویٰ کے ڈپٹی گورنر حسان الحق کے مطابق واقعے میں 113 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ سرکاری میڈیا نے کم از کم 100 افراد کی ہلاکت اور 150 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

واقعے کے بعد وفاقی عراقی حکام اور عراق کے نیم خودمختار کردستان کے علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے ایمبولینسز اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور اس نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمارت انتہائی آتش گیر تعمیراتی مواد سے بنی ہوئی تھی جو آگ تیزی سے پھیلنے کی وجہ بنا۔

امدادی رضا کار بدھ کی صبح تک متاثرہ مقام پر سرچ آپریشن جاری رکھےہوئے تھے۔

فورم

XS
SM
MD
LG