رسائی کے لنکس

امریکہ میں طوفان آئیڈا سے 46 افراد ہلاک، بعض علاقوں میں بجلی بحال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی مشرقی ریاستیں آئیڈا طوفان کے زیرِ اثر ہیں جہاں شدید بارش کے بعد شہریوں کو سیلاب کی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیلابی پانی لوگوں کے گھروں اور رہائشی عمارات میں داخل ہوا۔ حادثات سے 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق نیو جرسی کے گورنر فل مرفی کا کہنا ہے کہ نیو جرسی میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے نیو یارک شہر میں 13 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 11 افراد ایک رہائشی منصوبے کے زیرِ زمین حصے میں پانی بھرنے سے ہلاک ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پینسلونیا میں پانچ افراد کی موت ہوئی ہے۔ جن میں سے ایک شخص پر درخت گر گیا تھا جس سے اس کی موت ہوئی۔ جب کہ ایک اور شخص اپنی بیوی کو بچاتے ہوئے اپنی گاڑی میں بہہ کر ہلاک ہوا تھا۔

نیشنل ہرکین سینٹر نے دو روز قبل ہی خبردار کیا تھا کہ مختلف خطوں میں شدید نوعیت کا طوفان آ سکتا ہے جس کے بعد مہلک سیلابی کیفیت کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ طوفان سے متاثرہ مختلف علاقوں میں بدھ کو نو انچ (لگ بھگ 229 ملی میٹر) بارش ہوئی تھی۔

امریکہ میں سمندری طوفان آئیڈا کی تباہ کاریاں
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:54 0:00

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی تلاش اور مرنے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

سیلاب کی وجہ سے نیویارک سٹی کا سب وے سسٹم بھی بند ہو گیا جس کی دوبارہ بحال کا کام جاری ہے۔

صدر جو بائیڈن نے جمعرات کی شب نیویارک اور نیوجرسی کو آفت زدہ ریاستیں قرار دیا ہے۔

صدر بائیڈن کے احکامات کے بعد وفاقی ادارے نیویارک اور نیو جرسی کے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی مدد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

’اے پی‘ کے مطابق ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز میں جہازوں کی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔ جب کہ کئی علاقوں میں بجلی بھی بحال کر دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث پینسلوینیا میں 38 ہزار، نیو جرسی میں 24 ہزار اور نیو یارک میں 12 ہزار گھر بجلی سے محروم رہے۔

XS
SM
MD
LG