رسائی کے لنکس

امریکہ: سمندری طوفان آئیڈا کی شدت میں اضافہ، طوفانی بارش کی پیش گوئی


امریکہ کی ریاست لوئزیانا کی طرف بڑھتا ہوا سمندری طوفان آئیڈا مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور اتوار کو خطرناک کیٹیگری چار کے طور پر اس ریاست کے ساحل سے ٹکرایا۔

اس طوفان سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ریاست کے حکام گھروں سے منتقل ہونے والے لوگوں کے لیے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے باوجود پناہ گاہوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق دنیا کے گرم ترین سمندری پانیوں سے گزرتے ہوئے طوفان کی خلیج میکسیکو میں صرف پانچ گھنٹوں میں رفتار 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 150 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔ آئیڈا امریکہ کے ساحلوں سے ٹکرانے والے شدید ترین طوفانوں میں شامل ہے۔

آئیڈا طوفان عین اسی تاریخ کو ریاست لوئزیانا سے ٹکڑانے کے لیے تیار ہے جس تاریخ کو 16 برس قبل کیترینا نامی سمندری طوفان نے مسی سپی اور لوئزیانا میں تباہی مچائی تھی۔

یہ طوفان امریکہ کے ایسے خطے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں کرونا وائرس کی عالمی وبا کے کیسز میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیوں کہ اس خطے میں ویکسین لگوانے کی شرح کم ہے اور یہاں کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی ڈیلٹا قسم نے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔

ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز میں طوفان سے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ایسے وقت میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جب اس کے اسپتالوں میں تقریباً تمام بستروں پر مریض زیرِ علاج ہیں۔ طوفان کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لیے بنائی گئی پناہ گاہیں کرونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں۔

خلیج میکسیکو میں لوئزیانا کی طرف بڑھتے ہوئے سمندری طوفان آئیڈا کی مصنوعی سیارے سے لی گئی تصویر (فوٹو این او اے اے)
خلیج میکسیکو میں لوئزیانا کی طرف بڑھتے ہوئے سمندری طوفان آئیڈا کی مصنوعی سیارے سے لی گئی تصویر (فوٹو این او اے اے)

ریاست کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے ہفتے کو کہا تھا کہ لوئزیانا کے سخت جان اور تیزی سے بحالی کے اہل لوگ اس طوفان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

گورنر کے بقول، لوئزیانا کے حکام گھر بار چھوڑنے والے افراد کی رہائش کے لیے ہوٹلوں کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ بڑی پناہ گاہوں میں ان کی تعداد کو محدود رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے سمندری طوفان کے باعث 20 ہزار افراد کو ہوٹلوں میں ٹھیرایا گیا تھا۔

اس خبر میں شامل بیشتر معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG