رسائی کے لنکس

ہالی وڈ کی ایک نئی مقبول فلم ٹروگرٹ


ہالی وڈ کی ایک نئی مقبول فلم ٹروگرٹ
ہالی وڈ کی ایک نئی مقبول فلم ٹروگرٹ

ہالی وڈ کی نئی فلم ٹرو گرٹ کے بارے میں ، جو ان دنوں فلم بین حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرارہی ہے،ناقدین کا کہناہے کہ اسے ہالی وڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ، آسکر کے لیے نامزد کیا جاسکتا ہے۔ٹرو گرٹ 1960کی دہائی میں بننے والی ویسٹرن فلم کا ری میک ہے جسے دو بھائیوںٕ جون اور ایتھن کون نے دوبارہ پکچرائز کیا ہے۔

اس فلم کا مرکزی کردار میٹی راس اپنے باپ کے قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پر عظم ہے۔ وہ اپنے قاتل کو اوکلاہاما کے میدانی علاقے میں تلاش کرنے کے لیے روسٹر کاگبرن جیسے نڈر انسان کو اپنے ساتھ شامل کرتی ہے ۔

دونوں ٹام چینی قاتل کی تلاش میں نکلتے ہیں۔ جب کہ دوسری جانب ریاست ٹیکساس کا ایک پولیس آفیسر لابیف بھی ٹام کی تلاش میں ہے ۔ کیونکہ وہ ٹیکساس کے ایک سینیٹر کو قتل کرنے کےبعد فرار ہوگیاتھا۔

لابیف ٹام کو پکڑ کر ٹیکساس لے جانا چاہتا ہے تاکہ اسے انعام کی بڑ ی رقم مل سکے۔ لیکن میٹی اسے ریاست آرکنسا کی عدالت میں لے جانا چاہتی ہے جہاں اس نے میٹی کے باپ کو قتل کیا تھا۔

آخر کار یہ تینوں ٹام کی تلاش مین نکل کھڑے ہوتے ہیں لیکن کاگبرن اور لابیف ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے۔

ٹرو گرٹ ایک پرانی قبائلی امریکی کہانی کی طرح انتقام اور حوصلے کی داستان ہے۔

کون برادرز نے چارلز پورٹس کے ناول پر مبنی اس کہانی کو نہایت خوبصورتی سے پردہ سکرین پر پیش کیا ہے۔اسی ناول پر 1968ء میں بننے والی پہلی فلم نے جان وین کو ایک دلیر پولیس آفیسر کا کردار ادا کرنے پر بہترین اداکار کے لیے آسکر ایوارڈ دلوایا تھا۔

نئی فلم بھی مغربی امریکی فلمی کہانیوں کی طرح ہمت و حوصلے اور انتقام کی کہانی ہے۔لیکن ناقدین کی کہنا ہے کہ فلم کی کہانی کون برادرز کی فلم ،نو کنٹری فار اولڈ مین جیسی نہیں ، جس نے آسکر ایوارڈز میں بے پناہ کامیابی حاصل کی تھی۔

پر تجسس کہانی اور ناقابل یقین موڑ کون برادرز کی فلموں کا خاصہ ہیں۔ جب کہ ٹرو گرٹ میں کردار تو جاندار ہیں لیکن انھیں بہت سادہ انداز میں ایک دوسرے سے جوڑا گیا ہے۔ لیکن اس میں کرداروں کے باہمی تعلق کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اداکار جیف برجز نے کاگبرن کا کردار نبھایا ہے جبکہ میٹ ڈیمن نے لا بیف کا کردار ادا کیا ہے۔ ان دو منجھے ہوئے اداکاروں کے درمیان 13 سالہ ہیلی سٹین فیلڈ اپنی بھرپور اداکاری کے ذریعے فلم بینوں کے ساتھ ساتھ ناقدین کی بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ یہ ہیلی کی پہلی فلم ہے لیکن انہوں نے ایک چالاک، مضبوط قوت فیصلہ کی حامل اور نڈر لڑکی ککا کردار بڑی خوبصورتی سے نبھایا ہے۔

باکس آفس پر کامیابی کے بعد اس فلم کو آسکر ایوارڈ ملنے کی توقعات بھی ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 1950کی دہائی کے بعد منظر سے ہٹ جانے والی پرانی مغربی امریکی کہانیاں آج بھی فلم بینوں کو پسند ہیں۔

XS
SM
MD
LG