رسائی کے لنکس

کراچی: ایم کیو ایم کا ممنون حسین کی حمایت کا اعلان


وفاقی وزیر ِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ممنون حسین کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

سندھ اور بالخصوص کراچی سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے صدارتی امیدوار ممنون حسین کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ حمایت غیر مشروط ہے۔حمایت کے اعلان کے ساتھ ہی یہ بات یقینی ہے کہ 30جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی ممنون حسین کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔

جمعہ کو کراچی میں واقع متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی دفتر نائن زیرو پر حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ہمراہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ن لیگ کے وفد نے ایم کیو ایم سے اپنے صدارتی امیدوار ممنون حسین کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔

اس دوران ن لیگ کے وفد اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کی لندن سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی ہوئی۔ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ممنون حسین کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف ملک کو درپیش تمام مسائل سے نمٹنے کے لئے سب جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ان کے یہاں آنے کا مقصد بھی ملکی مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔

اس موقع پر ممنون حسین نے بھی مختصر خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کا تعلق کراچی سے ہے لہذا وہ کراچی کے مسائل کو فوری حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو سب کو یہ احساس دلائیں گے کہ وہ کسی ایک پارٹی کے صدر نہیں بلکہ سب کے صدر ہیں۔

نائن زیرو آمد سے قبل ن لیگ کے وفد نے گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں حمایت کے حوالے سے بات چیت کو موضوع بنایا گیا۔ نون لیگ کے وفد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، صدارتی امیدوار ممنون حسین، پارٹی کے مرکزی رہنماء اور کورنگ امیدوار اقبال ظفر جھگڑا، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید اور دیگر شامل تھے۔

وفد گورنر سندھ کے ہمراہ ہی متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پہنچا جہاں ان کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا گیا۔ ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، قومی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار، بابر غوری و دیگر افراد شامل تھے۔
XS
SM
MD
LG