رسائی کے لنکس

ٹیم ملتان، پی ایس ایل کی نئی سلطان، زلمی کو فائنل میں 47 رنز سے شکست


ملتان سلطان کی ٹیم ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کی فاتح بن گئی۔ 24 جون 2021
ملتان سلطان کی ٹیم ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کی فاتح بن گئی۔ 24 جون 2021

پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز کی ٹیم پشاور زلمی کو 47 رنز سے ہرا کر ایونٹ کی نئی چیمپیئن بن گئی ہے۔

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے فائنل میں پشاور زلمی کی ٹیم نے، جو مجموعی طور پر چار بار فائنل میں پہنچ چکی ہے، 207 رنز کے ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں شروع کیا اور کامران اکمل نے تیز رفتاری سے رنز بنانا شروع کیے لیکن ٹیم کو پہلا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب پچھلے میچوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے حضرت اللہ زازئی صرف چھ رنز بنا کر مزا ربانی کی گیند پر صہیب مققصود کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے اور ان کے فورا بعد کامران اکمل بھی چھتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کو عمران خان نے بولڈ کر دیا۔

جوناتھن ویلز چھ رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ اس موقع پر سینئر کھلاڑی شعیب ملک اور روومن پاول نے ٹیم کے لیے اچھی پارٹنرشپ لگانے کی کوشش کی لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ شعیب ملک 48 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ رتھ فورڈ نے 18 اور پاول نے 23 رنز اسکور کیے۔

محمد عرفان ملتان سلطانز کے خلاف اپنی ہی گیند پر فیلڈنگ کر رہے ہیں (اے ایف پی)
محمد عرفان ملتان سلطانز کے خلاف اپنی ہی گیند پر فیلڈنگ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ملتان سلطانز کی طرف سے عمران طاہر نے 33 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ عمران خان اور مزاربانی نے دو دو جب کہ سہیل تنویز نے ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹوں کے نقصان پر206 رنز بنائے۔ اوپنر کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اس فائنل مقابلے میں ٹیم کو 68 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔

شان مسعود 37 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ان کی جگہ لینے والے صہیب مقصود اور ریلی روسو نے جارحانہ انداز میں کھیلنا شروع کیا اور صرف 22 گیندوں پر 50 رنز بنا دیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب روسو 21 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر ثمین گل کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور 181 ہو چکا تھا۔

شان مسعود 35 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اننک کے آخری لمحات میں خوش دل نے بھی ان کا پھرپور ساتھ دیا اور دو چھکوں کی مدد سے پانچ گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ اس طرح ٹیم اسکور بورڈ پر 206 رنز کا ہدف سیٹ کرنے میں کامیاب رہی۔

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے مہنگے باولر کپتان وہاب ریاض رہے جنہوں نے چار اووروں میں بنا وکٹ لیے 52 رنز دیے۔ ثمین گل نے 26 اور محمد عمران نے 47 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

صہیب مقصود کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اور بہترین بلے باز قرار دیا گیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 428 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے ہی نئے کھلاڑی شاہنواز دھانی 20 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین باولر اور بہترین امرجنگ پلئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔

ملتان سلطانز کا پس منظر

پاکستان سپر لیگ میں شامل دیگر پانچ ٹیموں کے مقابلے میں ملتان سلطانز سب سے جونئیر اور نئی ٹیم ہے۔ اس ٹیم نے 2018 میں پہلئ مرتبہ پی ایس ایل میں حصہ لیا اور اپنے چوتھے ہی ٹورنامنٹ میں پی ایس ایل کی فاتح بن گئی ہے۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ٹیم کی علاقائی وابستگی ملتان یعنی جنوبی پنجاب سے ہے لیکن ٹیم کے کپتان رضوان خان کا تعلق پشاور سے ہے۔ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے باولر عمران خان بھی خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر سے بنیادی تعلق رکھتے ہیں۔

ملتان سلطانز کے پہلے مالک، معروف صنعتکار اور سیاست دان جہانگیر خان ترین کے صاحبزادے علی ترین تھے. لیکن بعد میں انہوں نے یہ فرنچائز عالمگیر ترین کو فروخت کر دی۔

ملتان سلطانز کے نوجوان باولر شاہنواز دھانی کی باولنگ نے سب کی توجہ حاصل کی ہے وہ اس ٹورنامنٹ میں 20 سے زیادہ وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولر رہے۔

پی ایس ایل سکس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے دیگر کھلاڑی

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اس ایونٹ میں 12 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کیں اور وہ سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے باولروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے 47 اووروں میں مجموعی طور پر 422 رنز دیے۔

لاہور قلندر کے شاہین شاہ آفریدی اس فہرست میں 16، جے پی فولکنر 13، حسن علی 13 وکٹوں کے ساتھ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔ ملتان سلطانز کے عمران خان نے سات میچوں میں 11 جبنکہ لاہور قلندر کے راشد خان نے آٹھ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز

پاکستان کی قوم کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل سکس میں 11 میچوں میں 554 رنز بنائے اور ٹاپ سکورر رہے۔ انہوں نے یہ رنز سات ففٹیز کی مدد سے تقریبا 70 رنز کی اوسط سے اسکور کیے۔ ان کا بہترین اسکور 90 ناٹ آوٹ رہا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اس سال ٹی ٹوئنٹی میں ایک ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل چھ میں 12 میچوں میں 500 رنز اسکور کیے جس میں 82 ان کا ٹاپ اسکور رہا۔ ملتان سلطانز کے صہیب مقصود ہھی 428 کے ساتھ تیسرے اور پشاور زلمی کے شعیب ملک 349 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ پانچویں بہترین بلے باز کراچی کنگز کے شرجیل خان رہے جنہوں نے 338 رنز اسکور کیے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے 321 اور لاہور قلندر کے فخر زمان نے کل 227 رنز بنائے۔

XS
SM
MD
LG