ممبئی کے سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر جوتر جیڈے کے قتل کے دوہفتے بعد ممبئی کی پولیس نے سات مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور اِس معمے کو حل کرلینے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے جیڈے کے قتل میں انڈر ورلڈ ڈان ،چھوٹا شکیل کا ہاتھ ہونے کی بات کی ہے اور کہا ہے کہ اُسی نے قتل کا حکم دیا تھا۔
گرفتار شدگان کو چار جولائی تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اِن ساتو ں کا تعلق چھوٹا راجن گینگ سے ہے۔
ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر نے صحافیوں کو بتایا کہ اصل ملزم ستیش کالیا نے جو کہ چھوٹا راجن کا شوٹر ہے، جیڈے کا قتل کیا تھا۔
تاہم، پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار، گاڑیاں، نقد کیش اور موبائیل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اہل کار کے مطابق، چھوٹا راجن نے ہی ستیش کالیا کو پیسے، ہتھیار، موٹر سائیکل نمبر دیے تھے۔ اُس نے اپنے چھ ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کی سازش کو عملی جامہ پہنایا۔
اُنھوں نے تین موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی سے جیڈے کا پیچھا کیا اور اُن کا قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق، قتل کے وقت تک حملہ آوروں کو یہ نہیں معلوم تھا کہ اُنھوں نے کس کا قتل کیا ہے۔ٹیلی ویژن پر خبریں دیکھنے کے بعد ستیش کالیا نے پوچھا تھا کہ آخر ایک رپورٹر کو کیوں مروا دیا گیا۔
یاد رہے کہ 11جون کو ممبئی کے ایک علاقے میں جیڈے کا قتل ہوا تھا۔
دریں اثنا، لکھنؤ میں دو ٹیلی ویژن صحافیوں کو اتوار کی رات پکڑ کر تھانے لے جانے اور اُنھیں دھمکیاں دینے کے سلسلے میں مایاوتی حکومت نے دو پولیس افسران کو معطل کردیا ہے۔اُنھوں نے ہی ایک نیوز چینل ’آئی بی این 7‘ کے صحافیوں کو پکڑوایا تھا جِس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔