رسائی کے لنکس

وفاداریاں تبدیل کرانے کا سلسلہ بند کیا جائے: ندیم نصرت


”مہاجروں کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے۔ ہم پاکستان کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن، یہ اسی صورت ہوگا جب ہمیں اول درجے کا شہری تسلیم کیا جائے گا“

کراچی ... متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ندیم نصرت نے کہا ہے کہ”92 کی طرح گن پوائنٹ پر وفاداریاں تبدیل کرانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ایم کیو ایم سے کل بات کرنے سے بہتر ہے آج بات کرلی جائے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ”مہاجروں کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے۔ ہم پاکستان کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن، یہ اسی صورت ہوگا جب ہمیں اول درجے کا شہری تسلیم کیا جائے گا۔“

ندیم نصرت نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے نائن زیرو پر پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ”احساس محرومی دور کرنے کی بجائے ایم کیو ایم پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ میڈیا کے ذریعے ایم کیو ایم کے خلاف چارج شیٹ پیش کی جا رہی ہے۔ 2002ء سے جو لوگ پارٹی چلا رہے تھے آج علیحدگی کے بعد الزامات لگا رہے ہیں۔“

انہوں نے کہا کہ ”ایم کیو ایم کے 99 فیصد لوگ خیابانِ سحر میں لگائی گئی ’ڈرائی کلین‘ فیکٹری میں نہیں جا رہے۔ اگر راحیل شریف ایم کیو ایم کے وفد کو ملاقات کا وقت دیں گے تو انہیں سارے ثبوت پیش کیے جائیں گے۔“

انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ”ایم کیو ایم زبردستی ووٹ ڈلواتی ہے، تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ پر بھی ایم کیو ایم الیکشن میں کامیاب ہوئی، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ عوام ایم کیو ایم کو بار بار ووٹ کیوں دیتے ہیں؟“

ندیم نصرت نے کہا کہ ”یہ کیسا مذاق ہے آپ اگر ایم کیو ایم میں ہوں تو دہشت گرد، بھتہ خور اور ٹارگٹ کلر ہیں اور ایم کیو ایم کے خلاف ہوجائیں تو باضمیر ہوگئے۔ آج کے دور میں یہ مذاق نہیں چلے گا۔“

ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ”19 مئی کے جس واقعے کو جواز بنایا جاتا ہے وہ عوام کا فطری رد عمل تھا، سب کو پتہ ہے کون کون چائنا کٹنگ میں ملوث تھا۔“

ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ یو سی چیئرمین سے سینیٹر تک ایم کیو ایم کے افراد کو دھمکی آمیز فون کیے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ دست بردار نہ ہوئے تو گرفتار کر لیے جاوٴ گے۔

XS
SM
MD
LG