رسائی کے لنکس

ڈبلیو ٹی اے ٹینس: نومی اوساکا بطور احتجاج سیمی فائنل سے دستبردار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جاپان کی ٹینس اسٹار نومی اوساکا بطور احتجاج ڈبلیو ٹی اے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن سیمی فائنل میچ سے دست بردار ہو گئی ہیں۔

ڈبلیو ٹی اے سیمی فائنل میچ جمعرات کو نیو یارک میں ہونا تھا۔ اس میچ میں اُن کا مقابلہ بیلجیم کی کھلاڑی ایلیس مرٹنز سے تھا۔

دو بار گرینڈ سلیم چیمپیئن شپ جیتنے والی اوساکا امریکی ریاست وسکونسن کے علاقے کینوشا میں پولیس کی فائرنگ سے ایک سیاہ فام شخص جیکب بلیک کے زخمی ہونے پر غمگین ہیں۔

اوساکا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں ایتھیلیٹ سے بھی پہلے ایک سیاہ فام خاتون ہوں اور ایک سیاہ فام خاتون کی حیثیت سے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ٹینس کھیلنے سے پہلے بہت سے ایسے اہم معاملات ہیں جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ "مجھے قطعی یہ توقع نہیں کہ سیمی فائنل میں میرے نہ کھیلنے سے کوئی خاص فرق پڑے گا۔ لیکن اگر اس طرح سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک پر بات چیت کا آغاز ہوتا ہے تو یہ صحیح سمت میں ایک اچھا قدم ہو گا۔

اوساکا کے بقول، "پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام افراد کی مسلسل نسل کشی نے مجھے بیمار کر دیا ہے۔ میں اِن واقعات سے تنگ آگئی ہوں، ہر چند دن بعد کچھ نہ کچھ ایسا ہوجاتا ہے جس سے مجھے بار بار اسی قسم کی گفتگو کرنا پڑتی ہے، میں ان سب سے تھک چکی ہوں۔"

افریقی نژاد امریکی جیکب بلیک پر ریاست وسکونسن میں پولیس کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا تھا۔

اوساکا کی جانب سے احتجاج کی خبروں کے ساتھ ہی بدھ کو ہونے والے تمام این بی اے پلے آف مقابلوں کو مؤخر کر دیا گیا ہے جب کہ میجر لیگ بیس بال اور ویمنز این بی اے کلبوں نے بھی اس کی پیروی کی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں بلیک کو ان کی کار میں سوار ہونے سے روکنے کی کوشش کے دوران ان پر پولیس کی جانب سے سات فائر کیے گئے تھے حالانکہ کار میں ان کے تین بچے بھی موجود تھے۔

واقعے کے بعد سے اب تک کینوشا میں مظاہرے جاری ہیں۔ منگل کو مظاہروں کے دوران ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

بلیک پر فائرنگ کے واقعے سے قبل رواں سال مئی میں منی ایپلس میں بھی اسی قسم کا ایک اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں پولیس کی تحویل میں ایک سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ ہلاک ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG