رسائی کے لنکس

نواز کیری ملاقات، دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے پر زور


واشنگٹن میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ، ’پاکستان اور امریکہ کے تعلقات آج سے زیادہ اہم کبھی نہ تھے۔‘

وزیرِ اعظم نواز شریف نے امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری سے اتوار کی شام اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات کی۔ پاکستانی وزیرِ اعظم اتوار کی دوپہر امریکہ پہنچے تھے۔

ملاقات سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں جان کیری کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان اور امریکہ کے تعلقات آج سے زیادہ اہم کبھی نہ تھے‘‘۔

امریکی وزیرِ خارجہ کیری نے مزید کہا کہ: ’’پاکستان پورے خطے کے لیے اہم ملک ہے۔ پاکستان شورش پسندوں سے مقابلہ کر رہا ہے اور پاکستان میں استحکام پورے خطے کے لیے اہم ہے۔‘‘

وزیرِ اعظم نواز شیرف کے دورے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ امریکہ کی اعلیٰ قیادت نواز شریف سے دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر بات کرے گی۔

وزیرِ اعظم نواز شریف اپنے دورے میں نائب امریکی صدر جو بائیڈن اور بدھ کے روز صدر براک اوباما سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ امریکی کانگریس کے متعدد اراکین سے بھی ملاقات کریں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانی رہنما ان ملاقاتوں میں اُن اُمور کو اجاگر کریں گے جو حالیہ برسوں کے دوران پاک امریکہ تعلقات میں تناؤ کی وجہ بنتے رہے ہیں۔

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات وقتاً فوقتاً گشیدہ رہے ہیں مگر ان میں بہتری کا عندیہ دیتے ہوئے واشنگٹن نے پاکستان کو 1.6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی فوجی و اقتصادی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس رقم کی ادائیگی 2011ء میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے خلاف پاکستان میں کی گئی کارروائی کے بعد دوطرفہ تعلقات میں غیر معمولی تناؤ کی وجہ سے روک لی گئی تھی۔

افغانستان میں قیام امن کی کوششیں اور پاکستان میں روپوش شدت پسندوں کے خلاف امریکی ڈرون حملے نواز شریف اور امریکی قیادت کے مابین بات چیت کے متوقع طور پر اہم نکات ہوں گے۔

پاکستانی وزیرِ اعظم کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنے ملک کی معیشت اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے مزید امریکی معاونت حاصل کر سکیں۔

وزیرِ اعظم نواز شریف بدھ کی شام پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG