رسائی کے لنکس

ماؤنٹ ایورسٹ: برفانی تودے سے 12 ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

وزارت سیاحت کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ تمام لوگ شرپا گائیڈز ہیں جو کہ کوہ پیمائی کے موافق موسم کے شروع ہونے سے پہلے پہاڑ پر تیاریاں کررہے تھے۔

دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر جمعہ کو ایک برفانی تودہ گرنے سے نیپال کے کم از کم 12 گائیڈ ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی مہم کے موسم کے آغاز میں پیش آیا۔ نیپالی وزارت سیاحت کے عہدیداروں کے مطابق یہ برفانی تودہ چوٹی سر کرنے کے سب سے معروف ’روٹ‘ یا راستے پر پیش آیا۔

عہدیداروں کے مطابق شرپا گائیڈز کی ٹیم علاقے میں کوہ پیماؤں کے لیے رسے لگا رہی تھی کہ تودہ آن گرا جس سے کم از کم تین نیپالی گائیڈ زخمی بھی ہوئے جب کہ بعض کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ اب بھی لاپتا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح ’’پاپ کارن فیلڈ‘‘ کے مقام پر پیش آیا جو بیس کمیپ اور کیمپ ون کے درمیان میں ہے۔

نیپال کی وزارت سیاحت کے عہدیداروں کے مطابق ہیلی کاپٹر اور پیدل امدادی ٹیمیں فوری طور پر ہی روانہ کر دی گئی تھیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا موسم ابھی شروع ہی ہوا ہے اور عموماً اس دوران سینکڑوں غیر ملکی اور نیپالی کوہ پیما گروپوں کی صورت میں 8,850 میٹر (29,035 فٹ) بلند اس چوٹی کو سر کرنے کے لیے یہاں آتے ہیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی مرتبہ 1953 میں سر ایڈمینڈ ہلری اور ٹینزنگ نرگے شرپا نے سر کیا تھا جس کے بعد سے اب تک 4000 کوہ پیما یہ چوٹی سر کر چکے ہیں۔

دنیا کی اس بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کی کوششوں میں 250 کوہ پیما اپنی جان بھی گنوا چکے ہیں۔

دنیا کی بلند ترین 14 چوٹیوں میں سے آٹھ نیپال میں واقع ہیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ نیپال اور چین کے تبت کے خطے کی سرحد پر واقع ہے اور دونوں جانب سے اسے سر کیا جا سکتا ہے۔

اس چوٹی کو سر کرنے کا کام عموماً مئی کے اواخر میں ختم ہو جاتا ہے جب بارشوں کا موسم شروع ہوتا ہے۔
XS
SM
MD
LG