رسائی کے لنکس

نیپال: برفانی تودے سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی


جمعرات کو موسم قدرے بہتر ہونے کی وجہ سے یہاں امدادی کارکنوں نے دوبارہ تلاش کی سرگرمیاں شروع کیں۔

نیپال میں حکام نے جمعرات کو بتایا کہ برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے مزید آٹھ مہم جو افراد کی لاشوں کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے جب کہ پانچ اب بھی متعدد افراد لاپتا ہیں۔

ادھر نیپال میں مہم جو افراد کی رہنمائی کرنے والی تنظیموں کے نمائندہ ادارے 'ٹریکنگ ایجنسیز ایسوسی ایشن آف نیپال' نے 85 افراد کے لاپتا ہونے کی خبر دی ہے۔

اس ادارے کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ تعداد مہم پر جانے والے افراد کے کیے گئے اندراج سے معلوم ہوئی ہے۔

اناپورنا سرکٹ میں تھورونگ لا پاس کے علاقے میں بدھ کو شدید سرد ہواؤں اور برفانی تودہ گرنے سے متعدد مہم جو یہاں پھنس گئے تھے۔

اس علاقے سے ملحقہ ضلع مانانگ میں بھی پہاڑ پر مہم جوئی کے لیے جانے والے افراد برفانی تودے کی زد میں آئے۔

اب تک مرنے والوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان میں بھارت اور کینیڈا کے مہم جو شامل ہیں جب کہ لاپتا ہونے والوں میں اسرائیل، ہانگ کانگ اور سلواکیا کے باشندے ہیں۔

جمعرات کو موسم قدرے بہتر ہونے کی وجہ سے یہاں امدادی کارکنوں نے دوبارہ تلاش کی سرگرمیاں شروع کیں۔ امدادی کاموں میں فوج کے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دارالحکومت کھٹمنڈو سے 160 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع اس علاقے میں برفانی تودے سے سڑک بند ہونے کی وجہ سے بھی نقل و حرکت مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

علاقے کے ایک انتظامی افسر کے مطابق اس راستے پر درجنوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

اکتوبر کے مہینہ نیپال میں پہاڑوں پر مہم جوئی کے لیے ایک پسندیدہ موسم قرار دیا جاتا ہے اور اس میں دنیا کے مختلف ملکوں سے لوگ یہاں پہاڑوں پر جانے کے لیے آتے ہیں۔

دنیا کی بلند ترین چوٹی "ماؤنٹ ایورسٹ" بھی اس خطے میں واقع ہے۔ رواں سال اپریل میں اس چوٹی کو سر کرنے کے لیے جانے والوں کے ایک کیمپ پر برفانی تودہ گرنے سے 16 کوہ پیما اور ان کے مقامی گائیڈز ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG