رسائی کے لنکس

کرکٹر حارث رؤف کے ساتھ مبینہ بد تمیزی: 'معافی نہیں مانگی تو قانونی کارروائی ہوگی'


  • فاسٹ بالر حارث رؤف کے ساتھ اُن کی اہلیہ کی موجودگی میں مبینہ بدتمیزی کا معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
  • حارث رؤف کا کہنا ہے کہ جب بات اُن کے خاندان تک آئے گی تو وہ ردِعمل دینے سے گریز نہیں کریں گے۔
  • چیئرمین پی سی بی نے حارث رؤف سے اُلجھنے والے شخص کو فوری معافی مانگنے کا مشورہ دیا ہے۔ بصورتِ دیگر قانونی کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔
  • شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور محمد رضوان سمیت دیگر ساتھی کھلاڑی حارث رؤف کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ داخلہ اور کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹر حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے اسے حارث رؤف سے معافی مانگنی چاہیے۔ بصورتِ دیگر اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کرکٹ حارث رؤف کا نام اس وقت پاکستان میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ٹرینڈنگ کی وجہ گزشتہ روز سامنے آنے والی ایک ویڈیو ہے جس میں حارث رؤف اپنی اہلیہ کے ساتھ فلوریڈا میں ایک جگہ سے گزر رہے ہیں کہ اس دوران وہاں سے گزرنے والا ایک شخص مبینہ طور پر حارث رؤف سے بد تمیزی کرتا ہے جس پر حارث رؤف مشتعل ہو جاتے ہیں۔

حارث رؤف اس شخص کی جانب بھاگتے ہیں کہ ان کی اہلیہ روکنے کی کوشش کرتی ہیں جب کہ اس شخص کی طرف لپکنے کے دوران حارث رؤف کی چپلیں بھی اتر جاتی ہیں۔

اس دوران وہاں موجود دیگر لوگ بھی حارث رؤف کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر بد تمیزی کرنے والے شخص جو یہ کہتے سنا گیا کہ ایک پکچر ہی تو مانگی ہے جس پر حارث رؤف کہتے ہیں گالی کیوں دے رہا ہے۔

حارث رؤف نے اس معاملے پر کہا ہے کہ "فینز ہماری حمایت اور تنقید کا حق رکھتے ہیں۔ لیکن جب بات میرے والدین اور گھر والوں کی ہو تو میں جواب دینے میں نہیں ہچکچاؤں گا۔ لوگوں اور ان کے خاندانوں کا احترام کرنا ضروری ہے پھر چاہے ان کا پیشہ کچھ بھی ہو۔"

پاکستانی فاسٹ بالرز کے ساتھ پیش آئے واقعے پر ساتھی کھلاڑی حمایت میں پوسٹ بھی کر رہے ہیں جب کہ سابق کرکٹر نے تنقید بھی کی ہے۔

کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ ہماری کارکردی پر تنقید کرنا فینز کا حق ہے۔ ہم اسے تسلیم کرتے ہیں اور اس سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیکن شاداب خان کے بقول یہ درست نہیں کہ کسی پر اس کی فیملی کی موجودگی میں حملہ کیا جائے۔ آپ کو کیسا محسوس ہو گا کہ کوئی آپ پر ذاتی طور پر آپ کی فیملی کی موجودگی میں حملہ کرے؟

سابق کپتان شاہد آفریدی نے حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ ناقابلِ قبول ہے! ان کے بقول ہمیں کبھی لائن کو عبور نہیں کرنا چاہیے۔

کرکٹر احمد شہزاد نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ حارث رؤف کے ساتھ پیش آئے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ لیکن کھلاڑیوں کی جانب سے حارث کی سپورٹ میں جو پوسٹس لگائی گئی ہیں وہ ورلڈ کپ میں ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے شائقین سے معذرت کے طور پر ہونی چاہیے تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا اگر یہ کھلاڑی قوم سے معافی مانگتے۔

پاکستان ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کارکردگی پر کافی تنقید کی جا رہی ہے۔ گرین شرٹس پہلے ہی راؤنڈ میں امریکہ اور بھارت سے شکست کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی ہے۔

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ حارث رؤف کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ انتہائی شرم ناک ہے۔ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی دوسرے شخص کی بے عزتی کرے۔

انہوں نے حارث رؤف کی سپورٹ میں لکھا کہ "ہم آپ کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔"

وکٹ کیپر محمد رضوان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ بد تمیزی کرنے والا شخص پاکستان سے تھا یا بھارت سے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس فرد میں اقدار اور آداب کی کمی تھی۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کی بے عزتی کرے۔

فورم

XS
SM
MD
LG