رسائی کے لنکس

جسٹس فائز عیسیٰ کی درخواست کی سماعت کے لیے 10 رکنی فل کورٹ بینچ تشکیل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست کی سماعت کے لیے 10 ججز پر مشتمل فل کورٹ بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال ہوں گے۔

بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس قاضی محمد امین، جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور ملک، جسٹس فیصل عارب، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے لیے 24 ستمبر کو دن ایک بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔

اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سپریم جوڈیشل کونسل کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا تھا۔

جسٹس فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک نے بینچ میں شامل دو ججز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بینچ میں دو ججز ایسے بھی شامل ہیں جن کو جسٹس فائز عیسیٰ کی فراغت سے فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ لہذا، مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ یہ ججز سماعت سے الگ ہوجائیں۔

اس پر جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سردار طارق نے خود ہی بینچ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی جس پر یہ بینچ ٹوٹ گیا تھا۔

بینچ ٹوٹنے کے بعد اس کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے نئے بینچ کی تشکیل کے لیے کیس چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو ارسال کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف اثاثہ جات ریکوری یونٹ کی درخواست پر سپریم جوڈیشل کونسل میں صدر مملکت کی طرف سے بھجوایا گیا ریفرنس دائر ہوا تھا۔

جسٹس فائز عیسیٰ کی طرف سے ان ریفرنسز کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کے بعد ان ریفرنسز پر کارروائی روک دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG