رسائی کے لنکس

نئی وفاقی کابینہ کے 16 وزرا نے حلف اٹھالیا


تقریبِ حلف برداری کے بعد کئی وزرا ایوانِ صدر سے سیدھے اپنی وزارتوں کے دفاتر پہنچے اور اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا۔

پاکستان کے نومنتخب وزیرِ اعظم عمران خان کی کابینہ کے 16 وزرا نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب پیر کی صبح ایوانِ صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعظم عمران خان، تحریکِ انصاف اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں اور اعلیٰ سول اور فوجی حکام شریک ہوئے۔

تقریبِ حلف برداری کے بعد کئی وزرا ایوانِ صدر سے سیدھے اپنی وزارتوں کے دفاتر پہنچے اور اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے نئی کابینہ کا افتتاحی اجلاس پیر کی دوپہر طلب کیا ہے جس میں نئی حکومت کی پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

تحریکِ انصاف کے ترجمان اور نئے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بدھ کو ٹوئٹر پر 20 رکنی نئی کابینہ کا اعلان کیا تھا جس میں 15 وفاقی وزرا اور پانچ مشیر شامل تھے۔

بعد ازاں عمران خان نے پی ٹی آئی کے رہنما مخدوم خسرو بختیار کو بھی کابینہ میں بطور وزیر شامل کرنے کی منظوری دی تھی جنہیں آبی وسائل کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

مخدوم خسرو بختیار کی شمولیت کے بعد نئی کابینہ میں تحریکِ انصاف کے وزرا کی تعداد 10 ہوگئی ہے جب کہ اتحادی جماعتوں کے چھ وزرا شامل ہیں۔

نئی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وزیرِ خارجہ، اسد عمر کو وزیرِ خزانہ، پرویز خٹک کو وزیرِ دفاع جب کہ فواد چوہدری کو وزیرِ اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اتوار کی شب قوم سے اپنے خطاب میں اعلان کیا تھاکہ وہ داخلہ کا قلم دان اپنے پاس رکھیں گے۔

نئی کابینہ میں شیریں مزاری کو انسانی حقوق،‏ نورالحق قادری کو مذہبی امور اور‏ غلام سرورخان کو پیٹرولیم کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

‏عامر محمود کیانی نیشنل ہیلتھ سروسز اور شفقت محمود وفاقی تعلیم اور قومی ورثہ کے وزیر مقرر ہوئے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فروغ نسیم کو وزیرِ قانون وانصاف جب کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ریلوے کے وزیر ہیں جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر تعینات کی گئی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے بہاولپور سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ ریاستوں اور قبائلی علاقوں (سیفران) کے وزیر مقرر ہوئے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وزیر بنائی گئی ہیں۔

کابینہ ڈویژن نے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے نئی کابینہ میں پانچ مشیروں کی تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے بعد یہ پانچوں مشیر پیر کو وفاقی کابینہ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ جب کہ عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری کے مشیر مقرر کیے گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات اور بچت، امین اسلم کو ماحولیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو مشیر برائے پارلیمانی امور مقرر کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG