|
امریکی شہر نیویارک میں قانون ساز چوہوں کی بڑھتی تعداد کو کم کرنے کے لیے برتھ کنٹرول جیسے کم تکلیف دہ طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔
جمعرات کو شہر کے ایک چڑیا گھر میں ایک اُلو کے چوہوں کے زہر سے مرنے کی تصدیق کے بعد شہری حکومت کی جانب سے چوہوں کو برتھ کنٹرول کی گولیاں فراہم کرنے پر غور ہو رہا ہے۔
سٹی کونسل کے رکن شاؤن ایبریو نے جمعرات کو ایک آرڈیننس جاری کیا جس کے بعد ایک ابتدائی پروگرام کے تحت شہر میں لاکھوں کی تعداد میں موجود چوہوں پر قابو پانے کے لیے برتھ کنٹرول جیسے طریقوں کو آزمایا جائے گا۔ اس سے قبل خطرناک کیمیکلز اور مختلف قسم کے زہر کو چوہوں پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا جا چکا ہے۔
ایپریو کا کہنا ہے کہ دوسرے طریقوں کے مقابلے میں برتھ کنٹرول کا طریقۂ کار بہتر ہے۔
اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کونٹرا پیسٹ نامی برتھ کنٹرول کی یہ گولیاں چوہوں کی مرغوب غذا میں ڈال کر ایسی جگہوں پر پھینکی جائیں گی جہاں ان کی زیادہ تعداد پائی جاتی ہے۔
اس سے قبل بھی نیویارک میں چوہوں کو ختم کرنے کے لیے مختلف طریقے آزمائے جا چکے ہیں۔ نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز نے گزشتہ برس چوہوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک خصوصی افسر بھی متعین کیا تھا۔ جب کہ گزشتہ برس، چوہوں کی غذا تک رسائی روکنے کے لیے نیویارک شہر نے ایک قانون نافذ کیا تھا کہ تمام کاروبار اپنا کچرا باکس کی شکل میں پھینکے گے۔
چوہوں کے کنٹرول پر کام کرنے والے رشاد ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ چوہے اس معاملے میں بہت سخت جان ہیں۔ بقول ان کے وہ بہت سمجھدار ہیں اور انسانوں کو بھی اس معاملے میں سمجھدار ہونا پڑے گا۔ بقول ان کے چوہوں کو ختم کرنا ممکن نہیں، بلکہ ان کی آبادیوں پر مناسب کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
فورم