رسائی کے لنکس

نیویارک: حملہ آور کا کلہاڑی سے وار، پولیس اہل کار زخمی


پولیس اکیڈمی سے حال ہی میں تربیت حاصل کرنے والا ایک گریجوئیٹ گروپ، کوئینز بورو میں تصویر کھچوا رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نمودار ہوا، جس نے سر کو ڈھانپ رکھا تھا، کلہاڑی لہرائی اور اُن پر حملہ کردیا

نیویارک میں جمعرات کے روز ایک شخص نے کلہاڑی سے پولیس اہل کاروں کے ایک گروپ پر حملہ کیا، جس واقع میں ایک اہل کار شدید زخمی ہوا۔ بعدازاں، پولیس نے گولی چلا کر حملہ آور کو زخمی کر دیا۔

پولیس اکیڈمی سے حال ہی میں تربیت حاصل کرنے والا یہ گریجوئیٹ گروپ، کوئینز بورو میں تصویر کھچوا رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نمودار ہوا، جس نے سر کو ڈھانپ رکھا تھا، کلہاڑی لہرائی اور اُن پر حملہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق، زخمی پولیس اہل کار جنھیں سر پر چوٹ لگی تھی، اُن کی حالت تشویشناک، لیکن قدرے بہتر ہے۔

چوبیس برس کے دوسرے اہل کار جنھیں بازو پر ضرب لگی تھی، توقع ہے کہ اُنھیں ضروری علاج کے بعد، اسپتال سے فارغ کیا جائے گا۔

پولیس کمشنر، ولیم بریٹن نے ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ، بظاہر اِس حملے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

اُنھوں نے بتایا کہ حملہ آور ایک کھڑی ہوئی بس کے عقب میں چھپا ہوا تھا، اور یوں لگ رہا تھا کہ وہ پولیس اہل کاروں کے گروپ کی تاک میں تھا۔

قانون کا نفاذ کرنے والے اداروں نے اس مشتبہ شخص کی شناخت زیلے ایچ تھامپسن کے طور پر کی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کا کیلیفورنیا میں جرائم کا ریکارڈ ہے، جنھیں ضابطوں کی خلاف ورزی کے جرم میں بحریہ سےفارغ کیا گیا تھا۔

جائے واردات پر موجود ایک 29 برس کی خاتون، جنھیں کمر میں گولی لگی تھی، اسپتال داخل ہیں۔ اُن کی حالت کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی گئیں۔

XS
SM
MD
LG