نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں ٹاس جیت کر بیٹںگ جاری ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پیرکو مہمان ٹیم کے کپتان کین ٹم ساؤتھی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم اور ڈیون کانوے نے اننگز کے آغاز سے ہی پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی۔
دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 134 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیتھم 71 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ انہیں نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو آوُٹ کیا۔
دوسری وکٹ پر کانوے کا ساتھ دینے کے لیے کین ولیم سن کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بلے باز بڑی شراکت داری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ پچ بیٹںگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بیٹںگ کر کے اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل لگانے کی کوشش کریں گے۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا بھی یہی کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کرنا ان کی ترجیح ہو تا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ نعمان علی اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ فاسٹ بالر نسیم شاہ اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو بدستور آرام دیا گیا ہے جن کی جگہ ٹیم میں سرفراز احمد شامل ہیں۔سرفراز نے پہلے ٹیسٹ میں 86 اور 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ کپتان کو سرفراز سے اسی قسم کی بیٹنگ کی امید ہے۔
پاکستان کی 11 رکنی ٹیم امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، کین ولیم سن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مچل بریسویل، کپتان ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی میں ہی کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔