رسائی کے لنکس

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست، نیوزی لینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل


پاکستان کو بابر اعظم اور فخر زمان کی جارحانہ بلے بازی بھی دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست سے نہ بچاسکی۔ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 21 رنز سے جیت کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا۔ مہمان ٹیم 20ویں اوور کی تیسری گیند پر 173 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میزبان ٹیم کے ہیرو فن ایلن اور ایڈم ملن رہے۔ فن ایلن نے 41 گیندوں پر 74 رنز بنائے جب کہ ایڈم ملن کی چار وکٹیں کی بدولت پاکستان ٹیم ہدف کا تعاقب نہ کرسکی۔ فن ایلن کو ان کی شاندار بلے بازی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی کامیابی کے بعد پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں انہیں دو صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

فن ایلن کے 74 رنز، حارث رؤف کی تین وکٹیں

سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جسے پانچ اوورز میں 59 رنز بناکر کیوی اوپنرز نے غلط ثابت کیا۔

ڈیون کونوے کے 20 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد کین ولیمسن نے فن ایلن کا ساتھ دیا اور اسکور کو 111 رنز تک بغیر کسی نقصان کے پہنچایا۔

ایسے میں کپتان کین ولیمسن کے ریٹائرڈ ہرٹ اور فن ایلن کے 74 رنز پر آؤٹ ہونے سے میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔

جس وقت فن ایلن 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے کیویز کا اسکور 137 رنز تھا۔ لیکن ان کے بعد آنے والے اسکور کو دو سو کے قریب لے گئے۔

صرف مچل سینٹنر نے 13 گیندوں پر 25 رنز بناکر کچھ مزاحمت کی جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 8 وکٹ کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 38 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

عباس آفریدی دو اور عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

فخر زمان ، بابر اعظم کی نصف سینچریاں

پاکستان 195 کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپنر صائم ایوب ایک اور محمد رضوان سات رنز بناکر جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا اور آٹھ اوورز میں 87 رنز کی شراکت قائم کرکے مخالف بالرز کو پریشان کیا۔

فخر زمان نے 25 گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم بھی سیریز میں مسلسل دوسری ففٹی بنانے میں کامیاب ہوئے۔

کیوی فیلڈرز کی کارکردگی اننگز کے پہلے 10 اوورز میں مایوس کن رہی جنہوں نے فخر زمان اور بابر اعظم کے آسان کیچ گراکر انہیں سنبھلنے کا موقع فراہم کیا۔

لیکن فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا ایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جو آخر تک جاری رہا۔

افتخار احمد چار، اعظم خان دو اور عامر جمال نو رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو کیوی بالرز ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

ایسے میں بابر اعظم نے ایک اینڈ روکے بھی رکھا اور رنز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ لیکن جب وہ 43 گیندوں پر 66 رنز کر آؤٹ ہوئے تو ان کے ساتھ پاکستان کی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔

پاکستان کی پوری ٹیم 20ویں اوور 173 میں رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔

سیریز کا تیسرا میچ بدھ 17 جنوری ، چوتھا جمعہ 19 جنوری اور پانچواں اور آخری میچ اتوار 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG