رسائی کے لنکس

نائیجیریا: مغوی طالبات کی رہائی کی مشروط پیشکش


بوکو حرام کے رہنما نے ایک ویڈیو پیغام میں مغوی طالبات کو اپنے قیدی ساتھیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔

نائیجیریا کے شدت پسند گروپ بوکو حرام کے رہنما نے 200 سے زائد مغوی طالبات کو اپنے قیدی ساتھیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔

بوکو حرام کے رہنما ابوبکر شیکاؤ نے یہ بات 17 منٹ کی وڈیو میں کہی جس میں تقریباً 100 نقاب پوش لڑکیاں بھی دیکھائی گئی ہیں۔

بوکو حرام کے جنگجوؤں نے گزشتہ ماہ نائیجیریا کے جنوبی مشرقی گاؤں چیبوک میں ایک اسکول میں زبردستی داخل ہوئے اور امتحان دینے والی 276 طالبات کو مغوی بنا کر اپنے ساتھ لے گئے۔

اغوا کی گئی طالبات میں سے بعض فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں جب کہ اب بھی 200 کے قریب لاپتا ہیں۔

یہ شدت پسند تنظیم 2009 سے ہزاروں لوگوں کو ہلاک کر چکا ہے جب کہ براعظم افریقہ کی سب سے بڑی معیشت جنوب مشرقی نائیجریا میں عدم استحکام کا بھی ذمہ دار ہے۔
نائیجیریا کے عسکریت پسند گروہ کا رہنما ابوبکر شیکاؤ
نائیجیریا کے عسکریت پسند گروہ کا رہنما ابوبکر شیکاؤ
طالبات کے اغواء کی بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید اور لڑکیوں کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کیا گیا جب شیکاؤ نے رواں ماہ ایک وڈیو میں لڑکیوں کو فروخت کرنے کی دھمکی دی تھی۔

نائیجیریا کا کہنا ہے کہ فوج کے دو ڈیویژنز کو طالبات کی تلاش کی ذمہ داری سونپی ہے جبکہ امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور فرانس کی طرف سے بھی امداد اور ماہرین بھیجنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

نائیجیریا کی حکومت کو لڑکیوں کے اغواء پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے لیکن صدر گڈلک جوناتھن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی فوجی اور خفیہ اداروں کے تعاون کے بعد وہ پر اُمید ہیں کہ طالبات کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے بوکو حرام کے خلاف اقدامات کے لیے آئندہ ہفتے نائیجیریا اور اس کے ہمسایہ ممالک کے سربراہان کی کانفرنس کے انعقاد کی بھی پیشکش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں کیمرون، چاڈ اور نائیجر کے رہنماؤں کے علاوہ برطانیہ، یورپی یونین اور امریکہ کے نمائندوں کی شرکت بھی ممکن ہے۔
XS
SM
MD
LG