رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: ایک ساتھ کئی ہتھیار لے جانے والے میزائل کی نمائش


شمالی کوریا کے دیو ہیکل میزائل کی نمائش جو نہ صرف طویل فاصلے تک مار کر سکتا ہے بلکہ کئی وار ہیڈ بھی ایک ساتھ لے جا سکتا ہے۔
شمالی کوریا کے دیو ہیکل میزائل کی نمائش جو نہ صرف طویل فاصلے تک مار کر سکتا ہے بلکہ کئی وار ہیڈ بھی ایک ساتھ لے جا سکتا ہے۔

گزشتہ ہفتے ایک فوجی پریڈ میں متعارف کروائے گئے، شمالی کوریا کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے بارے میں سیکیورٹی سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ امریکی دفاعی میزائلوں پر حاوی ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے اس میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کرنے کے لیے امریکہ کو مہنگے انٹرسیپٹر بنانے پڑیں گے۔

شمالی کوریا کے اس سب سے بڑے آئی سی بی ایم کی نمائش سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر ایک نیا سٹریٹجک ہتھیار ہے جس کا وعدہ ملک کے لیڈر کم جون اُن نے اِس سال کا آغاز پر کیا تھا۔

اس نئے میزائل کی اڑان کا ابھی تجربہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ علم ہے کہ اس کی رینج کہاں تک ہے۔ تاہم شمالی کوریا پہلے ہی سن 2017 میں ایک میزائل کا تجربہ کر چکا ہے جو براعظم امریکہ میں کہیں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا غالباً یہ دکھانے کی کوشش کر رہا ہے کہ صرف ایک میزائل پر کئی جوہری ہتھیار نصب کئے جا سکتے ہیں۔ اس سے امریکہ کے میزائلی دفاعی نظام کیلئے اسے راستے میں روک کر تباہ کرنا مزید مشکل اور مہنگا ہو گیا ہے۔

تاہم امریکی عہدیداروں نے اُن تمام خدشات کو مسترد کر دیا ہے کہ شمالی کوریا تیزی سے اپنے میزائل پروگرام کو ترقی دے رہا ہے تاکہ اس کے بنائے ہوئے ہتھیار امریکہ کی سر زمین پر نصب میزائلی دفاعی نظام کو دھوکہ دے سکیں۔ یہ امریکی دفاعی نظام ریاست الاسکا اور کیلیفورنیا میں نصب ہیں۔

جاپان میں نصب امریکہ کا میزائل دفاعی نظام پیٹریاٹ،
جاپان میں نصب امریکہ کا میزائل دفاعی نظام پیٹریاٹ،

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نئے میزائل کا نام سوانگ 16 رکھا جائے گا۔ تاہم اس میں کچھ سٹرٹیجک نقائص بھی موجود ہیں۔

ویانا میں قائم اوپن نیوکلیئر نیٹ ورک کی ڈپٹی ڈائریکٹر میلیسا ہینہم کہتی ہیں کہ اگر صرف ایک میزائل میں متعدد بم ایک ساتھ آ رہے ہیں، تو انہیں راستے میں روکنے کیلئے بھی متعدد انٹرسیپٹرز چاہیے ہوں گے۔

میلیسا ہینہم کہتی ہیں کہ نیا آئی سی بی ایم اپنے حجم میں بظاہر اتنا عظیم بڑا ہے کہ اس کے ساتھ نہ صرف متعدد وار ہیڈ آئیں گے، بلکہ اس میں دھوکہ دینے والے آلات بھی ہوں گے،جس سے میزائلی دفاعی نظام دھوکہ کھا سکتا ہے۔

ہینہم کہتی ہیں کہ ایسے میزائل سستے میں نہیں بنتے۔ ان پر بہت خرچ آتا ہے، لیکن اب جتنے اخراجات امریکہ اپنے میزائلی دفاعی نظام پر خرچ کرے گا، اس سے یہ کہیں سستا ہے۔

شمالی کوریا اپنے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر رہا ہے۔مارچ 2020
شمالی کوریا اپنے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر رہا ہے۔مارچ 2020

اس سال جنوری میں امریکی فوج کے وائس چیئرمین جائنٹس چیف آف سٹاف جنرل جان ہائیٹن نے کہا تھا کہ انہیں شمالی کوریا کےخلاف، امریکہ کے میزائلی دفاعی نظام کی اہلیت پر سو فیصد اعتماد ہے۔

غیر جانبدار دفاعی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ اگر شمالی کوریا اپنے نئے میزائل پر متعدد وار ہیڈ نصب کرتا ہے، تو پھر انہیں امریکہ کے میزائلی دفاعی نظام کی اہلیت کے بارے میں شک ہے۔

تاہم کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ میزائل اتنا ہمہ گیر نہیں ہے جتنا کہ نظر آتا ہے۔

اس میزائل کو داغنے کیلئے 22 پہیوں والا لانچر چاہئیے، جس کے دائیں بائیں مڑنے کی صلاحیت کا بھی علم نہیں ہے۔ یہ اتنی بڑی گاڑی ہے کہ اسے شمالی کوریا کی زیادہ تر سڑکوں پر چلانا آسان نہیں ہو گا، جن کی عموماً مرمت نہیں کی جاتی اور ان کی حالت خراب ہے۔

میلیسا ہینہم کہتی ہیں کہ اتنے عظیم الجثہ میزائل کا مطلب ہے کہ اس کے ساتھ ایندھن سے بھرے ٹرکوں اور ایک کرین پر مبنی ٹیم کی ضرورت ہو گی جو اس میزائل کو سیدھا کھڑا کر سکے۔

ہینہم کہتی ہیں کہ اسے کرین سے کھڑا کرنے کے بعد اس میں ایندھن بھرا جائے گا، جس میں کئی گھنٹے لگ جائیں گے، اور اس دوران جاسوس ذرائع امریکہ کو اس کے بارے میں مطلع کر دیں گے۔

XS
SM
MD
LG