رسائی کے لنکس

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری، دہشت گردی کے خاتمے اور معیشت سے متعلق اہم فیصلے متوقع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی سویلین و عسکری قیادت پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہورہا ہے جس میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے تدارک اور معیشت سے متعلق اہم فیصلےمتوقع ہیں۔

اعلیٰ سطح کی اس کمیٹی نے جمعے کو قومی سلامتی کو درپیش دو بڑے خطرات دہشت گردی اور خراب معیشت پر بریفنگ کے بعد اجلاس پیر تک مؤخر کردیا تھا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس دو روز تک جاری رہنے کو غیر معمولی قرار دیا جارہا ہے۔ مبصرین امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کی روک تھام، کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی )کے خلاف کارروائیوں کی حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔

اجلاس میں ملک کی معیشت کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے سدباب کے لیے اقدامات سے متعلق فیصلے بھی متوقع ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خیبر پختونخوا میں کالعدم ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی خراب معاشی صورتِ حال کے باعث زرِمبادلہ کے ذخائر تقریباً چھ ارب ڈالر کی کم ترین سطح پر آچکے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا، پاکستان کی مسلح افواج اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔

گزشتہ ہفتے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے وائس آف امریکہ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ناگزیر ہے لیکن اس کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کرے گی۔

XS
SM
MD
LG