رسائی کے لنکس

عازمین حج کی تعداد میں 71 سال میں 75 فیصد اضافہ


اضافے کی رفتار سنہ 1927 کے بعد سے بہت تیزی سے بڑھی ہے۔ سعودی عرب آنے والے مسافروں میں سے 40فیصد مسافر جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ہی اترتے ہیں

کراچی ۔۔۔دنیا بھر میں عازمین حج کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سنہ 1941 سے سال 2012ء تک کی درمیانی مدت کا بغور جائزہ لیا جائے تو ان 71 سالوں میں عازمین کی تعداد میں 75فیصد اضافہ ہوا ہے، جو دراصل دوگنا سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

سعودی عرب کے پہلے انگریزی اخبار ’عرب نیوز‘ نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحامد کے حوالے سے بتایا کہ 1941ء میں عازمین کی تعداد 23 ہزار863 تھی جو 2012 تک بڑھتے بڑھتے83لاکھ ہوگئی۔

عبدالحامد کے مطابق عازمین کی تعداد میں اضافے کی رفتار سنہ 1927 کے بعد سے بہت تیزی سے بڑھی ہے۔ سعودی عرب آنے والے مسافروں میں سے 40فیصد مسافر جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ پر ہی اترتے ہیں۔

عبدالحامد کے بقول شاہ عبدالعزیز ایئرپورٹ اللہ کے مہمانوں کے استقبال میں اہم کردار ادا کرتا ہے، کیونکہ عازمین میں سے 60فیصد اسی ہوائی اڈے پر اترتے ہیں۔ گذشتہ کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہ ہونے کے باوجود جدہ کا ایئرپورٹ مسافروں کو سہولت دینے کے لئے گنجائش سے دگنا کام کررہا ہے۔

سعودی حکومت نے جدہ ایئرپورٹ کے لئے توسیعی منصوبے کااعلان کیا ہے جس کے تحت ایئرپورٹ کے جنوبی اور شمالی ہالز کو وسعت دے کے ان کی گنجائش کو بڑھایا جائے گا، نیا ٹرمینل تعمیر ہوگا اور بڑے ویٹنگ رومز اور نماز کے کمرے تعمیر کئے جائیں گے۔

کثیر تعداد میں عازمین کی حجاز مقدس آمد اور اس میں ہونے والے اضافے کو دیکھتے ہوئے سعودی حکومت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں، تاکہ سعودی عرب آنے والوں کو چاہے ان کی تعداد کتنی زیادہ ہی کیوں نہ ہو بہتر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مکتہ المکرمہ میں مسجد الحرام کی تزئین اور آرائش و توسیع کے 21ارب ڈالرزکے منصوبے پر کام جاری ہے اور اسی لئے عازمین کی تعداد میں آئندہ دو سالوں کے لئے کمی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG