رسائی کے لنکس

صدر اوباما 55 سال کے ہو گئے


صدر اوباما نے اپنی سالگرہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایک مقامی جارج ٹاؤن واٹرفرنٹ ریسٹورنٹ میں منائی۔

امریکہ کے صدر براک اوباما 55 برس کے ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر انھیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے مبارکباد کے بہت سے پیغامات ملے۔

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے ایک تصویر ’ٹویٹ‘ کی اور صدر اوباما کے لیے لکھا کہ سالگرہ مبارک ’’میرے لیے ایک بھائی، ہمیشہ ایک بہترین دوست۔‘‘

ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار ہلری کلنٹن نے بھی ایک تصویر ’ٹویٹ‘ کی جس میں وہ صدر اوباما کے ہمراہ کسی بات پر ہنس رہی ہیں۔

ہلری کلنٹن کے شوہر اور امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن نے صدر اوباما کی سالگرہ کے موقع پر ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا ’’میں حقیقت میں غبارے (صدر اوباما کو) بھیجتا، لیکن ہم نے گزشتہ ہفتے تمام استعمال کر دیئے‘‘۔

اُنھوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ڈیموکریٹک کنونشن کی ایک تصویر بھی جاری جس میں بڑی تعداد میں غبارے دیکھے جا سکتے ہیں۔

صدر اوباما نے اپنی سالگرہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ایک مقامی جارج ٹاؤن واٹرفرنٹ ریسٹورنٹ میں منائی۔

اس سے قبل صدر اوباما کی اہلیہ مشل اوباما نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ 55 سالہ ’’نوجوان‘‘ سے روزانہ مجھے ایک مسکراہٹ ملتی ہے۔

مشیل اوباما نے لکھا ’’سالگرہ مبارک، براک۔ آئی لوو یو۔‘‘

صدر اوباما ہفتہ کے روز سے چھٹیوں پر جا رہے ہیں اور اس دوران وہ کچھ وقت میساچیوسٹس میں مارتھا وینی یارڈ میں گزاریں گے جہاں اُن کی چھوٹی بیٹی ساشا ایک ’سی فوڈ‘ ریسٹورنٹ میں کام کرتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG