رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی انتخابی مہم نے عطیہ واپس کردیا


صدر اوباما کی انتخابی مہم نے عطیہ واپس کردیا
صدر اوباما کی انتخابی مہم نے عطیہ واپس کردیا

امریکہ کے صدر براک اوباما کی انتخابی مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ میکسیکو کے ایک جوا خانے کے مالک کے اہلِ خانہ کی جانب سے دیا گیا دو لاکھ ڈالرز کا چندہ واپس کر رہے ہیں جو منشیات اور دھوکہ دہی کے الزامات میں قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے امریکہ سے فرار ہو گیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی اخبار 'نیو یارک ٹائمز' نے شکاگو کے کارلوس کارڈونا اور البرٹو کارڈونا کی جانب سے صدر اوباما کی انتخابی مہم کے لیے دیے گئے چندے پر اعتراضات کیے تھے جس کے بعد منگل کو صدر کی انتخابی مہم کے منتظمین نے دونوں بھائیوں کی جانب سے دی گئی تمام رقومات واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اخبار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ کارڈونا برادران جواخانوں کے کاروبار سے منسلک میکسکن نژاد جوان جوس کارڈونا عرف پیپے کے بھائی ہیں جو 1994ء میں ریاست آئیووا میں ضمانت پر رہائی کے بعد روپوش ہوگیا تھا ۔ مفرور ہونے کے بعد سے پیپے کا نام میکسیکو میں ہونے والے تشدد اور بدعنوانی کے حوالے سے سامنے آتا رہا ہے۔

کارڈونا برادران نے صدر اوباما کی انتخابی مہم اور 'ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی' کے لیے گزشتہ برس رقم اکٹھی کرنا شروع کی تھی۔

صدر کی انتخابی مہم کے ترجمان بین لابولٹ نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ مہم کے منتظمین کارڈونا خان دان اور ان کے توسط سے جمع کرائے گئے تمام عطیات واپس کر رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اب تک 13 لاکھ امریکیوں نے صدر کی انتخابی مہم کے اخراجات پورے کرنے لیے چندہ دیا ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

'نیویارک ٹائمز' نے آئیووا کے محکمہ استغاثہ کے حوالے سے کہا تھا کہ کارلوس کارڈونا نے گزشتہ برس ڈیموکریٹک پارٹی کے ریاستی صدر کے توسط سے آئیووا کے گورنر سے رابطہ کرکے اپنے بھائی کے لیے معافی کے حصول کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تھی۔

XS
SM
MD
LG