رسائی کے لنکس

فلوریڈا میں صدارتی انتخابی مہم کی سرگرمیاں


فلوریڈا میں صدارتی انتخابی مہم کی سرگرمیاں
فلوریڈا میں صدارتی انتخابی مہم کی سرگرمیاں

امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی کے دو اہم امیدواروں نے پیر کو جنوب مشرقی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے نشریاتی مباحثے کے دوران ایک دوسرے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ریاست میساچوسٹس کے سابق گورنر مِٹ رومنی نے مباحثے کے دوران اپنے حریف نیوٹ گنگرچ پر ذاتی نوعیت کے حملے بھی کیے۔ مبصرین کے مطابق اس مخاصمت کا بظاہر سبب یہ ہے کہ رومنی گزشتہ ہفتے جنوبی کیرولائنا کے پرائمری انتخاب میں گنگرچ کی غیر متوقع کامیابی کو ہضم نہیں کرپائے ہیں۔

مباحثے کے دوران رومنی نے نیم سرکاری مارٹگیج ادارے 'فریڈی میک' کے ساتھ گنگرچ کی بطورِ مشیر وابستگی پہ انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گنگرچ پر ادارے کے امور پر "غیر قانونی طور پر حاوی' ہونے کا الزام عائد کیا۔

کئی حلقے 'فریڈی میک' کی پالیسیوں اور اقدامات کو امریکی ہاؤسنگ صنعت کے بحران کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہیں۔

رومنی نے اپنے حریف کی اخلاقی حیثیت پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے قرار دیا کہ گنگرچ 1990ء کی دہائی میں ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر شپ سے رسوا ہوکے مستعفی ہوئے تھے۔

جواباً گنگرچ نے بھی رومنی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے بارے میں ان کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

گنگرچ نے اپنے خطاب میں 2008ء کے صدارتی انتخابی مہم کے دوران رومنی کے حریف امیدواران کے ان بیانات کا حوالہ بھی دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سابق گورنر "سچ نہیں بول سکتے"۔

رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ صدر براک اوباما کے مقابلے کے لیے ری پبلکن امیدوار کے انتخاب کی غرض سے گزشتہ ہفتے جنوبی کیرولائنا میں ہونے والے 'پرائمری' میں گنگرچ نے رومنی اور دو دیگر حریفوں، پنسلوینیا کے سابق سینیٹر رک سینٹورم اور ٹیکساس سے رکنِ کانگریس رون پال کو شکست دی تھی۔

چاروں ری پبلکن امیدوار اب 31 جنوری کو فلوریڈا کے 'پرائمری انتخاب' میں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG