رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی تبت کے جلاوطن لیڈردلائی لامہ سے ملاقات


تبت کے جلاوطن روحانی رہنماء دلائی لامہ واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہا ں وہ جمعرات کو صدر باراک اوباما سے ملاقات کر یں گے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے بتایاہے کہ یہ ملاقات غیر ملکی مہمانوں کے لیے مختص سرکاری اوول آفس میں نہیں بلکہ وائٹ ہاوس کے ایک نجی کمرے میں ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو اس ملاقات کی تصویریں بنانے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ میڈیا کو اس ملاقات کے بعد صدر اوباما اور بدھ مت لیڈر دلائی لامہ کی سرکاری تصویرجاری کی جائے گی۔

چین نے دلائی لامہ کے دورہ امریکہ پر کڑی تنقید اور احتجاج کرتے ہوئے پچھلے ہفتے امریکی انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ صدر اوباما کے ساتھ ان کی ملاقات کو منسوخ کر دیں۔ دلائی لامہ نے پچھلے سال بھی چین کا دورہ کیا تھا لیکن صدر اوباما نے اپنے چینی ہم منصب ہو جن تاؤ کے ساتھ ہونے والی سربراہ ملاقات کے پیش نظر اس وقت تبت کے جلا وطن رہنما ء سے ملاقات سے گریز کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن بھی جمعرات کو دلائی لاما سے ملاقات کریں گی۔ امریکہ کے سابق صدور بشمول جارج ڈبلیو بش دلائی لاما سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔

1959ء میں تبت میں چین کے خلاف ہونے والی بغاوت ناکام ہونے کے بعد دلائی لامہ بیرون ملک فرار ہو گئے تھے ۔ ان کا مئوقف ہے کہ وہ آزاد تبت کے خواہاں نہیں بلکہ اپنے علاقے کے لیے زیادہ سے زیادہ خودمختاری چاہتے ہیں ۔ لیکن چین کا الزام ہے کہ دلائی لامہ مقامی آبادی کو علیحدگی کی ترغیب دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG