رسائی کے لنکس

صدر اوباما 'میموریل ڈے' کی تقریب میں شرکت کرینگے


صدر اوباما 'میموریل ڈے' کی تقریب میں شرکت کرینگے
صدر اوباما 'میموریل ڈے' کی تقریب میں شرکت کرینگے

امریکی صدر براک اوباما پیر کے روز 'میموریل ڈے' کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرکے ملک کیلیے جان نچھاور کرنے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ تحسین پیش کرینگے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں ہر برس مئی کا آخری پیر ملک کیلیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے امریکی مرد و خواتین فوجیوں کی یاد میں 'میموریل ڈے' کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اس حوالے سے امریکہ بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوتی ہیں، پریڈز کا انعقاد کیا جاتا ہے اور فوجیوں کی قبروں پر پھول نچھاور کیے جاتے ہیں۔

صدر اوباما، خاتونِ اول مشیل اوباما کے ہمراہ واشنگٹن کے نواح میں واقع آرلنگٹن کے قومی قبرستان جائینگے جہاں وہ آنجہانی فوجیوں کی یادگار پر پھول نچھاور کرینگے۔

امریکہ بھر سے آئے ہوئے ہزاروں موٹر سائیکل سوار واشنگٹن میں 'میموریل ڈے' کی روایتی 'رولنگ تھنڈر' پریڈ میں شریک ہونگے۔ واشنگٹن میں ہر سال منعقد ہونے والی اس پریڈ کا مقصد ان امریکی فوجیوں کی یاد دلانا ہے جو مختلف جنگوں اور محاذوں پر دادِ شجاعت دیتے ہوئے لاپتہ ہوگئے ہیں۔

امریکہ کے ساتھ ساتھ افغانستان میں بھی 'میموریل ڈے' کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں تعینات امریکی فوجیوں نے افغان جنگ کے دوران مرنے والے اپنے 1400 سے زائد ساتھیوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

XS
SM
MD
LG