صدر براک اوباما نے پیر کے رو ز اپنے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ امریکہ میں بے روزگاری میں نہیں بلکہ ملازمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
این بی سی ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں صدر اوباما نے کہا کہ گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران روزگار کے مواقعوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ۔ لیکن مسئلہ اس بڑے خلا کو بھرنا ہے جو حالیہ معاشی بحران کے نتیجے ملازمتوں کی کٹوتیوں کی شکل میں ظاہر ہواتھا۔ امریکہ میں اس وقت بے روزگاری کی شرح 9.6 فی صد ہے۔
صدر اوباما کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ ملازمتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اوروہ پہلی اور آخری چیز ہے جس کے متعلق وہ روزانہ سوچتے ہیں۔
تعلیم کے بارے میں صدر اوباما نے کہا کہ امریکیوں میں عالمی سطح پر مقابلے کی صلاحیت میں کمی آرہی ہے۔
مسٹر اوباما نے کہا کہ اگر امریکیوں کا دنیا بھر کے دوسرے طالب علموں سے موازنہ کیا جائے تو امریکی طالب علم سائنس میں 21 ویں اور ریاضی میں 25 ویں درجے پر ہیں۔ انہوں نے سائنس ، ریاضی ، ٹیکنالوجی اور انجنیئرنگ کے شعبوں میں مزید 10 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں اور اساتذہ دونوں کے لیے لازمی طورپر اعلیٰ معیار مقرر کیے جائیں۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ خراب کارکردگی رکھنے والے اساتذہ نے اگر جلد ہی خود کو بہتر نہ بنایا تو انہیں جانا ہوگا۔