رسائی کے لنکس

رومنی، اوباما صدارتی انتخابی مہم پر، معیشت زیرِ بحث


رومنی کی صدارتی مہم نے صدر اوباما پر الزام لگایا ہےکہ اُنھوں نے معاشی بیل آؤٹ کے لیے میڈی کیئر ٹرسٹ فنڈ سے 71 کروڑ 60 لاکھ ڈالر نکال کر ’اوباما کیئر‘ پر لگا دیے ہیںٕ

ریپبلیکن پارٹی کےمتوقع صدارتی امیدوار مِٹ رومنی اور امریکی صدر براک اوباما نےہفتے کے دِن اپنی اپنی صدارتی انتخابی مہمات جاری رکھیں اور دونوں نےمعاشی معاملات پر پنجہ آزمائی کرنے کی ٹھان لی ہے۔

رومنی کے نائب صدارتی امیدوار وسکانسن سے کانگریس کے رُکن پال رائن نے کہا ہے کہ صحت عامہ کے معاملے پر ریپبلیکن پارٹی عمر رسیدہ امریکیوں کو تحفظ فراہم کرنے پر زور دے گی۔’ میڈی کیئر‘ سینئر شہریوں کے لیے صحت عامہ کا سرکاری پروگرام ہے۔

ملک کی جنوبی ریاست فلوریڈا میں عمررسیدہ امریکی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتےہوئے اُنھوں نے کہا کہ اُن کی دادی اور والدہ دونوں ’میڈیکیئر‘ پر انحصار کرتی ہیں۔ اجتماع سے خطاب کے دوران، رائن کی 78 سالہ والدہ قریب ہی موجود تھیں۔

منگل کے روز رومنی کی صدارتی مہم نے صدر اوباما پر الزام لگایا کہ اُنھوں نے معاشی بیل آؤٹ کی غرض سے میڈیکیئر ٹرسٹ فنڈ سے 71کروڑ 60لاکھ ڈالر نکال کر ’اوباما کیئر‘ میں لگا دیے ہیں۔ناقدین اوباما انتظامیہ کی طرف سے متعارف کرائے گئے ہیلتھ انشورنس کے اصلاحی قانون کو، جسے کانگریس نے 2010ء میں منظور کیا، اِسی نام سے پکارتے ہیں۔

دریں اثنا، ہفتے کے ہی روز ملک کی شمال مشرقی ریاست نیو ہیمپشائر میں ووٹروں سے خطاب میں صدر اوباما بجٹ میں کٹوتی لانے کے اپنے مخالفین کے منصوبے کا ذکر کرنے والے ہیں۔

اپنے تحریری خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ رومنی کا ٹیکس کم کرنے کا منصوبہ مڈل کلاس خاندانوں اور اُن کے بچوں پر اوسطاً 2000 ڈالر اضافی محصول کا بوجھ ڈال کر، دراصل امیر ترین امریکیوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ رومنی کی تجویز روزگار پیدا کرنے ، خسارے کو کم کرنے یا معیشت کو فروغ دینے کا منصوبہ نہیں ہے۔

رومنی پیر کو اپنی صدارتی انتخابی مہم نیو ہیمپشائر میں جاری رکھیں گے۔
XS
SM
MD
LG