رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی ایتھوپیا میں رہنماؤں سے ملاقاتیں


وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما ایتھوپیا میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نقطہ بھی اٹھائیں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما ایتھوپیا کے دورے پر ہیں جہاں وہ ملکی قیادت سے دو طرفہ بات چیت کے علاوہ جنوبی سوڈان کے تنازع پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

اوباما اتوار کو دارالحکومت ادیس ابابا کے ہوائی اڈے پر پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال ایتھوپیا کے وزیراعظم ہایلہمریم دیسالغنا نے کیا۔

وہ ایتھوپیا کا دورہ کرنے والے امریکہ کے پہلے صدر ہیں۔ یہ ملک القاعدہ سے منسلک شدت پسند گروپ "الشباب" کے خلاف کارروائیوں میں امریکہ کا قریبی اتحادی رہا ہے۔

صدر اوباما کا پیر کو قومی محل میں پرتپاک استقبال کیا گیا جس کے بعد صدر مولاتو تیشومی اور وزیراعظم دیسالغنا سے ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔

اعلیٰ امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں رہنما اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ اگر جنوبی سوڈان کے صدر اور حزب مخالف جنگ کے خاتمے کے لیے افریقی مجوزہ منصوبے پر دستخط نہیں کرتے تو کیا حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما ایتھوپیا میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نقطہ بھی اٹھائیں گے۔

انسانی حقوق کی سرگرم تنظیمیں یہ الزام عائد کرتے ہوئے ایتھوپیا کی حکومت پر تنقید کرتی آئی ہیں کہ وہ صحافیوں اور سیاسی مخالفین کو قید کر کے ملک کو صرف یک جماعتی ریاست بنانا چاہتی ہے۔

حکمران جماعت "ای پی آر ڈی ایف" نے رواں سال ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سو فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

منگل کو امریکی صدر ادیس ابابا میں افریقی یونین کے صدر دفاتر کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ واشنگٹن کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

قبل ازیں صدر براک اوباما نے کینیا کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG