رسائی کے لنکس

پولیس نے کوکین پر پکڑا، جج نے 15 سال سزا دی، مگر وہ خشک دودھ تھا


کوکین کے پکڑے گئے پیکٹ کی شناخت چھپانے کیلئے اس پر اولمپکس کا نشان اور ’بچوں سے دور رکھیں‘ کا انتباہ درج تھا۔
کوکین کے پکڑے گئے پیکٹ کی شناخت چھپانے کیلئے اس پر اولمپکس کا نشان اور ’بچوں سے دور رکھیں‘ کا انتباہ درج تھا۔

امریکی ریاست اوکلاہاما کے ایک نوجوان کو، جسے اپنے پاس کوکین رکھنے اور بیچنے کے جرم میں عدالت نے 15 سال کیلئے جیل بھیج دیا تھا، صرف دو ماہ کے بعد مقدمہ خارج کر کے رہا کر دیا گیا ہے، کیونکہ لیبارٹری کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ اس کے قبضے سے نکلنے والا سفید پاؤڈر اصل میں خشک دودھ تھا۔

26 سالہ نوجوان کوڈی گریگ کو عدالت نے پچھلے ہفتے 15 سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ پولیس نے اسے 12 اگست کر نشہ آور پاؤڈر رکھنے کے جرم میں پکڑ کر جیل بھیج دیا تھا جہاں وہ اپنے خلاف مقدمے کے فیصلے کا انتظار کر رہا تھا۔

گریگ نے جج کے سامنے یہ اعتراف کیا کہ اس کے پاس کوکین تھی جسے وہ بیچنے کیلئے اپنے ساتھ لے جا رہا تھا۔

جج نے مقدمے کا ریکارڈ دیکھنے اور ملزم کی جانب سے اعتراف کے بعد اسے غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنا دی۔

تاہم جب گریگ سے برآمد ہونے والے کوکین پاؤڈر کو تجزیے کیلئے لیبارٹری میں بھیجا گیا تو پتا چلا کہ وہ نشہ آور پاؤڈر نہیں تھا بلکہ خشک دودھ تھا۔ اس کے بعد گریگ نے اپنا اعترافی بیان واپس لے لیا۔

جمعرات کے روز اوکلاہاما کاؤنٹی کے جج نے گریگ کی درخواست قبول کرتے ہوئے اس کی رہائی کا حکم جاری کر دیا۔

26 سالہ گریگ نے جج کو بتایا کہ جس روز پولیس نے اسے گرفتار کیا، وہ باورچی خانے سے دودھ کا پاؤڈر اپنے بیک پیک میں ڈال کر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ راستے میں ایک پولیس افسر نے اسے رکنے کا اشارہ کیا کیونکہ موٹرسائیکل کی پچھلی لائٹ خراب تھی۔

پکڑے جانے کے خوف سے گریگ نے موٹر سائیکل کی رفتار بڑھا دی۔ پولیس افسر نے اس کا تعاقب کیا اور جب وہ قریب پہنچا تو اس نے بھاگنے کیلئے موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا دی۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اسے گریگ کے موٹر سائیکل کی تلاشی میں اس کے بیک پیک سے سفید رنگ کا پاؤڈر ملا، جو کوکین تھی۔ گریگ نے بھی پاؤڈر کے کوکین ہونے کا اعتراف کیا۔ اس نے یہ بھی کہا کہ وہ اسے تقیسم کرنے جا رہا ہے، جس پر اسے گرفتار کر کے مقدمہ عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں اسے 15 سال قید کی سزا ہو گئی۔

گریگ اب آزاد ہے، تاہم یہ سوال برقرار ہے کہ جب اس کے پاس خشک دودھ تھا تو اس نے پولیس اور عدالت کے سامنے کوکین رکھنے کا اعتراف کیوں کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG