رسائی کے لنکس

فلاڈیلفیا پورٹ پر لنگر انداز جہاز سے 16 ٹن منشیات برآمد


فائل
فائل

امریکی حکام نے منشیات کی تاریخ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑنے کا اعلان کیا ہے۔

اہلکاروں نے منگل کے روز فلاڈیلفیا میں ’پیکر میرین ٹرمینل‘ پر لنگر انداز سمندری جہاز سے 16 ٹن سے زیادہ کوکین برآمد کی۔ کھلی مارکیٹ میں اس کی مالیت اندازاً ایک ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

وفاقی اٹارنی ولیم مک وین نے ٹوئیٹ میں بتایا ہے کہ ’’کوکین کی یہ مقدار لاکھوں افراد کو ہلاک کر سکتی ہے‘‘۔

ان کے بقول، ’’میرا محکمہ ملک کی سرحدوں اور گلیوں کو ان مہلک منشیات سے محفوظ رکھنے کے عزم پر پختگی سے قائم ہے‘‘۔

منشیات کی یہ کھیپ لائبیریا کے پرچم والے کارگو شپ، ایم ایس سی ’گیانے‘ پر موجود سات کنٹینروں میں چھپائی گئی تھی۔ ایجنٹوں نے بحری جہاز کے عملے کے متعدد ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، جنھیں قانون کے حوالے کیا جائے گا۔

چلی، پاناما اور بہاماز میں رکنے کے بعد یہ سمندری جہاز منگل کی علی الصبح فلاڈیلفیا پہنچا اور یورپ روانہ ہونے والا تھا۔

ایجنٹوں نے اپنی کارروائی کی تفصیل بیان نہیں کی۔ لیکن، روزنامہ ’فلاڈیلفیا انکوائرر‘ نے خبر دی ہے کہ کوسٹ گارڈز نے قریب کھڑے ایک اور سمندری جہاز کے عملے سے کوکین آلود چیزیں دریافت کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عملے نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ منشیات کو اسمگل کرنے کے لیے متعلقہ اہلکاروں نے انھیں 50000 ڈالر ادا کیے تھے۔

مارچ میں، ایجنٹوں نے فلاڈیلفیا کی بندرگاہ سے 538 کلو کوکین بازیاب کی تھی، جس کی مالیت تقریباً تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG