رسائی کے لنکس

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا نیا ریکارڈ 75 سالہ امریکی کوہ پیما کے نام


75 سالہ امریکی کوہ پیماہ آرتھر موئر، جنہوں نے 75 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 30 مئی 2021
75 سالہ امریکی کوہ پیماہ آرتھر موئر، جنہوں نے 75 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 30 مئی 2021

امریکی کوہ پیما آرتھر موئر نے 75 سال کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے پہلے ایک اور امریکی کوہ پیما بل برک نے 67 سال کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ پر پہنچنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی 45 برس کی سانگ ین نے بیس کیمپ سے ہمالیہ کی بلند ترین چوٹی پر پہنچنے کے لیے 25 گھنٹے اور 50 منٹ تک چڑھائی کر کے دنیا کی تیز ترین خاتون کوہ پیما کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جب کہ تیز ترین مرد کوہ پیما کا ریکارڈ 10 گھنٹے اور 56 منٹ کا ہے، جو لاکپا گیلو نے بنایا تھا۔

موئر کو 2019 میں ہمالیہ کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں ایک حادثہ پیش آ گیا تھا جس میں ان کے گھٹنا زخمی ہوا۔ تاہم یہ حادثہ بھی چوٹی سر کرنے کی ان کی خواہش کو روک نہ سکا اور انہوں نے تندرست ہونے کے بعد دوبارہ کوہ پیمائی شروع کر دی۔

موئر جب ایورسٹ سر کرنے کے لیے امریکہ سے روانہ ہو کر کھٹمنڈو پہنچنے تو وہاں انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ پہاڑ کتنا بڑا ہے۔ کتنا خطرناک ہے اور اس پر چڑھائی کے دوران کتنی غلط چیزیں ہو سکتی ہیں۔ جو آپ کو پریشان کر سکتی ہیں، قدرے خوف زدہ کر سکتی ہیں۔

75 سالہ موئر کھٹمنڈو میں نامہ نگاروں سے بات کر رہے ہیں۔ 30 مئی 2021
75 سالہ موئر کھٹمنڈو میں نامہ نگاروں سے بات کر رہے ہیں۔ 30 مئی 2021

ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ جب میں چوٹی پر پہنچا تو مجھے حیرانی ہوئی۔ لیکن اس وقت میں اس قدر تھکا ہوا تھا کہ میرے لیے کھڑے ہونا ممکن نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ چوٹی پر اپنی تصویروں میں میں بیٹھا ہوا نظر آ رہا ہوں۔

معمر ترین امریکی کوہ پیما جب ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے ارادے سے 30 مئی کو کھٹمنڈو ایئرپورٹ پہنچا تو لوگ اسے دیکھ کر بہت حیران ہوئے۔

موئر نے کوہ پیمائی 68 سال کی عمر میں شروع کی تھی اور انہوں نے 2019 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی پہلی کوشش سے قبل جنوبی امریکہ اور الاسکا کی کئی بلند چوٹیاں سر کیں۔

پچھلے سال کووڈ-19 کی وجہ سے کوہ پیمائی بند کر دی گئی تھی۔

دنیا کی بلند ترین چوئی ماؤنٹ ایورسٹ کا ایک منظر۔ فائل فوٹو
دنیا کی بلند ترین چوئی ماؤنٹ ایورسٹ کا ایک منظر۔ فائل فوٹو

موئر شادی شدہ ہیں۔ ان کے ہاں تین اولادیں اور چھ پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں۔ سب سے چھوٹا بچہ ایک لڑکا ہے جو اس وقت پیدا ہوا جب موئر اس سال کوہ پیمائی میں مصروف تھے۔

نیپال ان دنوں کرونا وائرس کی ایک شدید لہر کی زد میں ہے۔ اس وبا سے کوہ پیما بھی محفوظ نہیں ہیں۔ موجودہ سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ سے تین ٹیموں کو وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث اپنے گائیڈوں سمیت اپنی مہم منسوخ کر کے واپس جانا پڑا، جب دیگر سینکڑوں کوہ پیماؤں نے دنیا کی سب سے بلند چوٹی کی جانب اپنی مہم جاری رکھی۔

XS
SM
MD
LG