بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے مزید 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں اومکرون کا پہلا کیس گزشتہ ہفتے ریاست کرناٹکا میں رپورٹ ہوا تھا اور پیر کو سامنے آنے والے کیسز ایک روز کے دوران سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو ریاست مہاراشٹرا میں سات، جے پور میں نو اور دہلی میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
نائجیریا سے پونے آنے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد میں کرونا کی اومکرون قسم کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ فن لینڈ سے ریاست مہاراشٹرا آنے والے ایک شخص میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
جے پور میں رپورٹ ہونے والے تمام نو کیسز ایک ہی خاندان کے افراد میں پائے گئے ہیں جو حال ہی میں جنوبی افریقہ سے بھارت پہنچے تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو تنزانیہ سے دہلی پہنچنے والے ایک 37 سالہ شخص میں بھی اومکرون کی تشخیص ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کرونا کی نئی قسم اومکرون کا پہلا کیس 25 نومبر کو جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہوا تھا اور عالمی ادارۂ صحت نے اس ویریئنٹ کو 'باعثِ تشویش' قرار دیا تھا۔
بھارت بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر بیرونِ ملک سے اور خاص طور پر ہائی رسک قرار دیے گئے ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے پاس بھارت پہنچنے سے قبل کیے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ہونا ضروری ہے اور اسی طرح بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں پر بھی لازم ہے کہ روانگی سے قبل ان کے پاس پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ہونا ضروری ہے۔
بھارت نے برطانیہ اور یورپ کے تمام 44 ممالک سمیت جنوبی افریقہ، برازیل، بنگلہ دیش، چین، نیوزی لینڈ، زمبابوے، سنگاپور، ہانگ کانگ، اسرائیل، بوٹسوانا اور مراشیس کو ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔