رسائی کے لنکس

جاپان کی ٹینس اسٹار نیومی اوساکا فرینچ اوپن سے دستبردار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی جاپان کی ٹینس اسٹار نیومی اوساکا نے رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے فرینچ اوپن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔

اوساکا نے یہ اعلان جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ جاپانی ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وہ رواں برس فرینچ اوپن کا حصہ نہیں بن سکیں گی۔

اوساکا کے بقول ان کے پٹھوں کی انجری بدستور برقرار ہے جس کی وجہ سے اُنہیں تیاری کا موقع نہیں مل سکے گا۔

یاد رہے کہ فرینچ اوپن کا آغاز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 27 ستمبر سے ہونے جا رہا ہے۔

نیومی اوساکا ایونٹ سے دستبردار ہونے والی دوسری ٹینس اسٹار ہیں۔ اس سے قبل فرینچ اوپن کی دفاعی چیمپئن ایچلی بارٹے نے کرونا وائرس کی وبا کے باعث ایونٹ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔

نیومی اوساکا نے رواں ماہ یو ایس اوپن کے فائنل میں کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے جمعے کو اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ یو ایس اوپن کے فوری بعد فرینچ اوپن کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ تاہم وہ منتظمین اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہیں۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔ عالمی وبا کی وجہ سے رواں برس ہونے والا ومبلڈن منسوخ ہوا تھا جب کہ مئی میں شیڈول فرینچ اوپن کو ملتوی کر کے اسے 27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک شیڈول کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG