رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈ کی تیاریاں آخری مراحل میں


ہالی وڈ ان دنوں اکیڈمی ایوارڈز کی تیاریاں کر رہا ہے۔ یہ ایوارڈز جو دنیا بھر میں آسکر ایوارڈز کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈ سات مارچ اتوار کے روز لاس اینجلس میں ہونے والی ایک پر وقار تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔

اس سال ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں دس فلموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اہم شعبوں میں اس بار سخت مقابلہ ہو گا۔

ہر سال اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس بہترین فلموں پر ایوارڈز دیتی ہے۔ اکیڈمی کے صدر ٹام شراک کا کہنا ہے کہ آسکر ایواڈز کا فیصلہ چوٹی کے اداکاروں، فلم ڈائریکٹروں اور اس صنعت کی دوسری سرکرہ شخصیات کے ووٹوں کے ذریعے ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ووٹنگ کے لیے ہمارے ممبروں کی تعداد 5777 ہے اور انہوں نے ہمارے لیے 10 بہترین فلمیں منتخب کی ہیں۔

1943ء سے اب تک ایوارڈ کے لیے پانچ بہترین فلموں کو چنا جاتا تھا۔لیکن اس سال اکیڈمی نے اپنے اس انتخاب کو پانچ سے بڑھا کر دس کر دیا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کی دلچسپی اور ٹیلی ویژن شو کے لیے ریٹنگ میں اضافہ کرنا ہے۔ آسکرایوارڈ کی تقریب دنیا بھر میں لاکھوں افراد براہ راست دیکھتے ہیں۔

اس سال کے ایوارڈ کے لیے سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ مقابلے میں سب سے آگے ہے۔ کئی سینما ہالوں میں تھری ڈی میں دکھائی جانے والی اس فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا ہے۔ یہ فلم ایک تصوراتی سیارے پینڈورا پر فلمائی گئی ہے۔

اس مقابلے میں شامل ایک اور نمایاں فلم ‘دی بلائنڈ سائیڈ’ ہے۔ یہ فلم فٹ بال کے ایک ایسے نوجوان کھلاڑی کی کہانی پر مبنی ہے جسے ماضی میں مصائب اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایک عورت نے اس کی اور اس کے گھر والوں کی مدد کرتی ہے۔

آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی ایک اور فلم District 9 ہے۔ یہ جنوبی افریقہ میں فلمائی جانے والی ایک سائنس فکشن فلم ہے۔

اس مقابلے میں شامل ایک اور فلم The Hurt Locker ہے جسے عراق جنگ کے پس منظر میں فلمایا گیا ہے۔

جنگ کے موضوع پر بننے والی ایک اور فلم Inglorious Bustards ہے، جس کی عکس بندی دوسری جنگ عظیم کے پس منظر میں کی گئی ہے اور یہ فلم بھی ایوارڈ کے لیے نامزد دس بہترین فلموں میں شامل ہے۔

آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ایک اور فلم کا نام Precious ہے جس کی کہانی ایک ایسے نوجوان افریقی امریکی کے گرد گھومتی ہے جو مسائل کا شکار ہے۔

بہترین دس فلموں میں ایک کامیڈی فلم کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کا نام ہے، A Serious Man۔

فلم Up in the Air بھی آسکر ایوارڈ جیتنے کی دوڑ میں شامل ہے۔ یہ فلم ایک ٹریول کنسلٹنٹ کے بارے میں ہے۔ جسے لوگوں کے ساتھ اپنے رابطوں میں پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے۔

اکیڈمی کے ووٹر اکثر شعبوں میں صرف ایک ووٹ دے دسکتے ہیں۔ لیکن اس سال بہترین فلم کے لیے ووٹنگ کا ایک مختلف طریقہ اختیار کیا گیا ہے جس میں ووٹرز ایک سے دس کے سکیل پر اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ووٹنگ کا یہ نظام قدرے پیچیدہ ہے لیکن اس کے نتیجے میں وہ فلمیں بھی پہلے درجے پر آسکتی ہیں جنہیں دوسرے بہت سے ووٹرز نے دوسرے یا تیسرے درجے پر رکھا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG