رسائی کے لنکس

افغانستان میں گزشتہ دو برسو ں میں دھماکوں اور تشدد میں ایک ہزارشہری ہلاک ہوئے : اقوام متحدہ


افغانستان خودکش حملے اور دھماکے، فائل فوٹو
افغانستان خودکش حملے اور دھماکے، فائل فوٹو

ویب ڈیسک۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این اے ایم اے) یا یو ناما نے منگل کے روز ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق افغانستان سے 2021 میں غیر ملکی افواج کےانخلا اور طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بم دھماکوں اور تشدد کے واقعات میں ایک ہزار سے زیادہ افغان شہری ہلاک ہو ئے۔

یوناما کے مطابق 15 اگست 2021 سے اس سال مئی کے دوران 1,095 شہری ہلاک اور 2,679 زخمی ہوئے۔ یہ رپورٹ عشروں سے جاری جنگ کے خاتمے کے بعد بھی ملک کو در پیش سیکیورٹی چیلنجوں کی جانب توجہ دلاتی ہے ۔بیشتر اموات ( جن کی تعداد سات سوسے زیادہ ہے) دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کی وجہ سے ہوئیں جن میں مساجد، تعلیمی مراکز اور بازاروں جیسے عوامی مقامات کو ہدف بناتے ہوئے خودکش بم دھماکوں سے ہونے والی اموات شامل ہیں۔

اگرچہ اگست 2021 میں نیٹو کی حمایت یافتہ فوج کے خاتمے کے بعد طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مسلح لڑائی میں انتہائی کمی واقع ہوئی ہے تاہم سلامتی کے حوالے سے خطرات بدستور موجود ہیں ۔ خاص طور پر اسلامک اسٹیٹ یا داعش کی طرف سے سیکیورٹی کے خطرات لاحق ہیں۔ یوناما کے مطابق یہی عسکریت پسند گروپ زیادہ تر حملوں کا ذمہ دار تھا۔ یوناما نے ایک اور پہلو کی طرف بھی توجہ دلائی کہ اگر چہ تشدد کے واقعات کم رہے تاہم ان کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوا ہے ۔

افغانستان میں اسلامک سٹیٹ ، فائل فوٹو
افغانستان میں اسلامک سٹیٹ ، فائل فوٹو

یوناما رپورٹ میں دیے گئے اعدادو شمار میں نہ صرف اس انداز کے حملوں سے شہریوں کو پہنچنے والے نقصانات کو واضح کیا گیا ہے بلکہ یہ بھی بتایا گیا کہ 15 اگست 2021 کے بعد ہونے والے خود کش حملوں کی ہلاکت خیزی میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو محفوظ بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور حالیہ مہینوں میں داعش یا اسلامک اسٹیٹ سیلز کے خلاف متعدد چھاپے مارے گئے ہیں ۔یوناما کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے 1,700 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جن کی ذمہ داری داعش یا اسلامک اسٹیٹ نے قبول کی۔

طالبان کے زیرانتظام امور خارجہ کی وزارت نے اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ہونے والی اس رپورٹ کے جواب میں کہا ہے کہ افغانستان کو ان کی حکومت کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کئی عشروں سے جاری جنگ کے دوران سیکورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم ان کے ملک کا انتظام سنبھالنے کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے۔

طالبان نے اپنے ردعمل میں یہ بھی کہا ہے کہ ’’ طالبان کی سیکورٹی فورسز شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کرنے کے لیے بروقت کارروائی کرنے کی پابند ہیں۔‘‘

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG