رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں فوج کی زمینی کارروائی کا آغاز


فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوجی اہداف جلد از جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستانی فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں زمینی آپریشن شروع کر دیا ہے۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوجی اہداف جلد از جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے دوران فضائی اور زمینی فورسز کے درمیان رابطوں کو بھی سراہا ہے۔

افغان سرحد سے ملحقہ وادی شوال ایک دشوار گزار علاقہ ہے۔ پاکستانی فوج نے 15 جون 2014ء کو شمالی وزیرستان میں ’ضرب عضب‘ کے نام سے بھرپور کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

پاکستانی فوج کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ اس قبائلی علاقے کے بیشتر حصے کو دہشت گردوں سے صاف کروایا جا چکا ہے لیکن شوال میں زمینی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

تاہم ان علاقوں میں پاکستانی فوج فضائی کارروائیاں کرتی رہی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایسی کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی جن میں درجنوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

تاہم شمالی وزیرستان کے وہ علاقے جہاں فوجی آپریشن جاری رہے وہاں تک میڈیا کو براہ راست رسائی نہیں اس لیے ہلاکتوں کی تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ’ضرب عضب‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی فوج کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فوج کی کارروائیوں میں 2763 دہشت گرد مارے گئے جب کہ لگ بھگ 350 فوجی افسران اور جوان بھی اس دوران ہلاک ہوئے۔

شمالی وزیرستان میں جاری کارروائی کا منظر
شمالی وزیرستان میں جاری کارروائی کا منظر

دہشت گردوں کے خلاف بھرپور فوجی کارروائیوں کے باوجود حالیہ ہفتوں میں افغانستان کی طرف سے یہ الزام بھی لگایا گیا کہ پاکستان میں اب بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں جو افغان حکام کے بقول اُن کے ملک کے لیے خطرہ ہیں۔

پاکستان کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جا رہی ہے اور پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دے گا۔

XS
SM
MD
LG