پاکستان کے شمالی مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک سخت گیر مذہبی شخصیت نے فرانس میں ’چارلی ایبڈو‘ نامی جریدے پر حملہ کرنے والے دو مشتبہ شدت پسند بھائیوں کی غائبانہ نماز جناز پڑھائی ہے۔
پیر محمد چشتی، پشاور میں ایک مدرسہ چلاتے ہیں اور اُنھوں نے منگل کو سعید کوشی اور شریف کوشی نامی دو بھائیوں کی نمازہ جنازہ پڑھائی، جس میں اطلاعات کے مطابق لگ بھگ چالیس افراد نے شرکت کی۔
غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے افراد نے کوشی برادران کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
گزشتہ ہفتے پیرس میں ہفت روزہ ’چارلی ایبڈو‘ کے دفتر پر حملے میں مدیر اعلیٰ، پانچ کارٹونسٹ اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
حملے کے بعد سعید کوشی اور شریف کوشی فرار ہو گئے تھے جن کو بعد میں پولیس نے تلاش کر لیا اور ایک مقابلے کے بعد ہلاک کر دیا۔
پاکستان سمیت مسلم ممالک نے اس حملے کی مذمت کی تھی جب کہ فرانس سے اظہار یکجہتی کے لیے پیرس میں نکالی گئی ایک ریلی میں لگ بھگ چالیس ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔
’چارلی ایبڈو‘ مختلف مذاہب کے بارے میں طنزیہ خاکے اور مضامین شائع کرنے کے حوالے شہرت رکھتا ہے۔